کلثوم نواز و مریم نواز کی تصاویر اور ان پر مضامین دسویں جماعت کے نصاب میں شامل
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری 2025ء ) صوبہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز اور ان کی صاحبزادی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر مضامین دسویں جماعت کے نصاب میں شامل کرلیے گئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے دسویں جماعت کے نصاب میں کلثوم نواز اور مریم نواز کی تصاویر کے ساتھ ان پر لکھے گئے مضمون شامل کیے گئے ہیں، اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے ترجمان نے دسویں جماعت کے نصاب میں مریم نواز اور کلثوم نواز کی تصاویر و مضامین شامل کرنے کی تصدیق کی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ نصاب میں مریم نواز کو پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے ان کی تصویر شامل کی گئی ہے، با اثرخواتین کی کامیابیوں میں مریم نواز سے متعلق مضمون باب 8 اور صفحہ 163 پر مطالعہ پاکستان کی کتاب میں موجود ہے۔(جاری ہے)
اس حوالے سے صوبائی محکمہ تعلیم کے ترجمان نے مؤقف دیا ہے کہ فاطمہ جناح، نصرت بھٹو، فہمیدہ مرزا کی طرح مریم نواز اور کلثوم نواز کے نام اور تصاویر بھی شائع کی گئی ہیں، نظر ثانی شدہ نصاب کی کتاب اس وقت چھپائی کے مرحلے میں ہے، تاہم نئی نصابی کتاب کا آن لائن ورژن موجود ہے اور نئی مطالعہ پاکستان 2025ء کے تعلیمی سال میں نصاب کا حصہ ہوگی۔
مزید یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ صوبے میں نہم جماعت کیلئے 7 کتابوں کا سلیبس تبدیل کردیا گیا ہے ، جس کے تحت بچے اب اپنی مرضی سے اردو یا انگریزی زبان میں نہم کا سلیبس پڑھ سکیں گے، اس سے قبل نہم جماعت کا سلیبس صرف انگریزی زبان میں پبلش کیا گیا تھا،سلیبس تبدیل ہونے والی 7 کتابوں میں اردو،انگریزی اورحساب شامل ہے، اس کے علاوہ فزکس،کیمسٹری، بیالوجی اور کمپیوٹر سائنس کی کتاب کا نصاب تبدیل کیا گیا ہے، پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے تعلیمی اداروں اور بورڈز کو کتابوں کی تبدیلی بارے آگاہ کردیا، 2026ء میں بچوں کے نہم کا سالانہ امتحان نئے سلیبس میں سے لیا جائے گا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے دسویں جماعت کے نصاب میں کلثوم نواز مریم نواز نواز اور
پڑھیں:
تعلیم، آئی ٹی دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش، سازگار ماحول مہیا کر رہے ہیں: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے یورپی یونین کے پارلیمانی وفد برائے جنوبی ایشیا نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات، تجارت، تعلیم اور سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تعلیم، آئی ٹی، گرین انرجی اور صحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیش کش کی اور تجارت، امن، ترقی اور مشترکہ اہداف کے لئے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ یورپی یونین پارلیمانی وفد کی آمدد وطرفہ مضبوط، پْرامن اور دوستانہ تعلقات کا مظہر ہے۔ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ قابل اعتماد دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ یورپی یونین کو پاکستان کا شراکت دار ہی نہیں بلکہ دنیا میں استحکام کی آواز بھی ہے۔ جی ایس پی پلس ملنے سے پاکستان کی برآمدات، بالخصوص ٹیکسٹائل کے شعبے میں بہت بہتری آئی ہے۔ انسانی حقوق اور لیبر ریفارمز سمیت تمام تقاضے پورے کرنے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پنجاب پاکستان کی معیشت کا دل ہے، سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول مہیا کر رہے ہیں۔ زراعت، توانائی، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی منصوبوں میں یورپی یونین کے ساتھ تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ پاکستان کا نوجوان باصلاحیت اور متحرک ہیں، عالمی جاب مارکیٹ سے منسلک کرنے کے لئے ٹریننگ کورسز کرا رہے ہیں۔ خوشی ہے کہ پاکستانی طلبہ تیسرے سال بھی سکالرشپ حاصل کرنے والوں میں سرفہرست ہیں۔ پاکستان علاقائی و عالمی امن کے لئے پرعزم ہے۔ یورپی یونین کے وفد نے ملاقات کے دوران حکومت پنجاب کے اختراعی اقدامات کو سراہا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں زیروپولیو کیس کا ہدف مقرر کر دیا۔ مریم نواز نے انسداد پولیو ویکسی نیشن مہم کے دوران مسنگ چلڈرن کا تناسب بھی زیرو کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ علاقوں میں انسداد پولیو کمپین کو موثر بنانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ شہر ضلع میں ڈپٹی کمشنرز کو یونین کونسل وائز پولیو کمپین کا روزانہ جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے کہاکہ انتظامیہ کو انسداد پولیو ویکسی نیشن کے مائیکرو پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلی نے کہاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کی ویکسین کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے۔ مشترکہ کوشش سے زیرو پولیو کا ہدف باآسانی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ کسی بھی بچے کا پولیو کے رسک پر ہونا ہرگز گوارا نہیں۔