کراچی: رفاہ عام سوسائٹی میں مبینہ غیرت کے نام پر دوہرا قتل، مقتولہ کا والد گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
کراچی کے علاقے ملیر میں واقع رفاہ عام سوسائٹی کے ایک گھر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی اور ایک لڑکا جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد اس واقعے کو غیرت کے نام پر قتل قرار دیا ہے اور مقتولہ کے والد کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ایچ او الفلاح محمد علی مروت کے مطابق واقعہ ملیر رفاع عام سوسائٹی کے ایک گھر کی بالائی منزل پر پیش آیا، جہاں دونوں مقتولین کی لاشیں موقع پر پائی گئیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
جاں بحق لڑکی کی شناخت 18 سالہ فاطمہ دختر اظہر کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ جاں بحق لڑکے کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی، لیکن اس کی عمر تقریباً 20 سال کے قریب بتائی جاتی ہے۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے بتایا کہ لڑکا لڑکی سے ملنے آیا تھا اور جب لڑکی کے والد نے دونوں کو دیکھا، تو انہوں نے فائرنگ کرکے انہیں قتل کردیا۔
ایس ایچ او نے مزید بتایا کہ اس واقعے میں مقتولہ کے والد اظہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے پستول برآمد کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں غیرت کے نام پر قتل کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس نے وقوعہ سے پستول کے دو خول اور سکہ بھی برآمد کیے ہیں، اور یہ بھی معلوم ہوا کہ دونوں مقتولین کو سر پر ایک ایک گولی ماری گئی۔
واقعے کی تفصیلات جانچنے کے لیے پولیس نے کرائم سین یونٹ کی ٹیم بھی موقع پر بھیجی، جس نے شواہد اکھٹے کیے ہیں۔
ایس ایچ او الفلاح نے بتایا کہ تفتیش جاری ہے اور جلد ہی اصل صورتحال سامنے آئے گی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے دو بچے ہیں اور مقتولہ نے حالیہ دنوں میں اپنی تعلیم چھوڑ دی تھی۔ تحقیقات کے دوران تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقیقت کا پتہ چل سکے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: پولیس نے
پڑھیں:
کراچی: سونے کی بالی گم ہونے پر شوہر نے بیوی کو پیٹرول چھڑک کر جلا دیا، ملزم کو 12 سال کی سزا
کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی نے سونے کی بالی گم ہونے پر شوہر کی جانب سے بیوی کو جلانے کے مقدمے کا 6 سال بعد فیصلہ سنا دیا۔
جج امیر الدین نے ملزم مہتاب کو 12 سال قید کی سزا سنا دی، ملزم کو دیت کی سزا بھی سنا دی گئی، جس میں حکم دیا گیا کہ ملزم مقتولہ کے ورثاء کو 5 ہزار روپے ماہانہ 5 سال تک ادا کرے۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ مقتولہ اور اُس کے شوہر کے درمیان بالی گم ہونے پر جھگڑا ہوا، شوہر نے مقتولہ پر پیٹرول چھڑکا اور سسر نے آگ لگائی، اسپتال میں مقتولہ دوران علاج دم توڑ گئی تھی، دوران ٹرائل ملزم ذوالفقار کا انتقال ہوگیا تھا۔
عدالت کا کہنا ہے کہ کیس میں مقتولہ کا بیان قلمبند کروایا گیا جو وزن ڈالتا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تھانہ مومن آباد میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔