سمگلنگ میں ملوث پولیس اہلکاروں کاگینگ گرفتار ،کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
لاہور(نامہ نگار)برکی پولیس نے منشیات کی سمگلنگ میں ملوث پولیس اہلکاروں پر مشتمل گینگ گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہے پولیس ذرائع کے مطابق برکی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران منشیات فروشی میں ملوث کانسٹیبل طارق اورعثمان کوساتھی سمیت گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے2کروڑ روپے مالیت کی ساڑھے6کلوسے زائد ہیروئن،ڈرون کیمرہ،نقدی، ویٹ مشین اور دیگر اشیاء برآمد کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان کا مفرور ساتھی شعیب بھی پولیس کانسٹیبل ہے۔ ملزم پولیس کانسٹیبل ڈولفن فورس اور کینٹ سرکل میں تعینات ہیں۔ گرفتارہونیوالے پولیس کانسٹیبل لاہورکے ایک پولیس افسرکے بھائی ہیں جویونیفارم وسرکاری وسائل استعمال کرکے منشیات سمگلنگ کرتے تھے۔ دوران تفتیش ملزمان نے پشاور سے بذریعہ آن لائن منشیات منگوا کر مختلف اضلاع میں سپلائی دینے کا اعتراف کیاہے۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ کانسٹیبل طارق شمالی چھاؤنی میں تعینات ہے جبکہ کانسٹیبل عثمان چند ماہ قبل ڈولفن فورس سے برخاست ہوا تھا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
کراچی؛ پانی کی ٹینکی کے اوپر سویا شخص نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے قتل
کراچی:شاہ لطیف ٹاؤن جام کنڈو چوک کلہاڑی چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے علاقے جام کنڈو چوک کلہاڑی چوک کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 35 سالہ گل زیب ولد قادر بخش کے نام سے کی گئی۔
شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے ہیڈ محررسلیم نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ نماز فجر کے بعد پیش آیا، مقتول جام کنڈو چوک کلہاڑی چوک کے قریب بنی پانی کی ٹینکی کے اوپر سو رہا تھا کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے قتل کر دیا، مقتول کو ایک گولی سر پر ماری گئی جس کے باعث موقع پر جاں بحق ہوگیا۔
مقتول نجی کمپنی میں ملازمت کرتا تھا، فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
پولیس نے عینی شاہدین کے بیانات قلمبند اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔