پاراچنار کے راستے فوراً کھولے جائیں، علامہ عارف حسین واحدی
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
ایس یو سی کے مرکزی نائب صدر کا علامہ سبطین سبزواری کیساتھ ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ مزاحمتی محاذ کے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان عظیم شہداء کے مقدس لہو کے صدقے صیہونی درندہ صفت ریاست کو ذلت آمیز شکست ہوئی۔ اسلام ٹائمز۔ اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی سے ان کی رہائشگاہ پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے ملاقات کی، ان کے ہمراہ مولانا سید جعفر عباس نقوی، مولانا قاسم جعفری اور سید نزاکت حسین شاہ بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں موجودہ تنظیمی امور کا تفصیل سے جائزہ لیا خاص کر تمام صوبوں میں تنظیم سازی کے عمل کے مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا اور قائد محترم کو اس پر خراج تحسین پیش کیا۔ تنظیم کی تکمیل پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا گیا چونکہ تنظیمی انتخابات کا سارا عمل قائد ملت جعفریہ نے خود اپنی نگرانی میں احسن انداز میں مکمل کرایا ہے۔
نشست میں ضلع کرم کے راستوں کی بندش پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں اور سیکورٹی فورسز سے مطالبہ کیا گیا کہ دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں اور جب فریقین ایک معاہدے پر متفق ہوگئے تو معاہدے کے مطابق پاراچنار کے راستے فوراً کھولے جائیں۔ دونوں رہنمائوں نے فلسطین میں جنگ بندی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے حماس اور غزہ کے مظلوموں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں مزاحمتی محاذ کے عظیم شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان عظیم شہداء کے مقدس لہو کے صدقے صیہونی درندہ صفت ریاست کو ذلت آمیز شکست ہوئی کہ الحمد للہ اسرائیل اپنے اعلان شدہ اہداف میں سے ایک مقصد میں بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: عظیم شہداء کا اظہار
پڑھیں:
پاراچنار، ضلع کرم میں پائیدار امن و امان کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد
سیمینار کا مقصد علاقے میں جاری امن کی کاوشوں کا جائزہ لینا اور مستقبل میں دیرپا اور مستحکم امن کی بنیاد رکھنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس علماء اہلبیتء کے دفتر میں “ضلع کرم میں مستقل اور پائیدار امن و امان کیسے قائم کیا جائے؟” کے عنوان سے ایک اہم سیمینار منعقد ہوا۔ اس بامقصد اور فکری نشست میں ضلع کے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی، جن میں علماء کرام، اساتذہ، ڈاکٹرز، سماجی کارکنان اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شامل تھے۔ سیمینار کا مقصد علاقے میں جاری امن کی کاوشوں کا جائزہ لینا اور مستقبل میں دیرپا اور مستحکم امن کی بنیاد رکھنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔ مقررین نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کرم میں موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی اور پائیدار امن و استحکام کے لیے اپنی قیمتی تجاویز پیش کیں۔ علماء کرام نے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور بین المسالک اتحاد کو امن کی بنیاد قرار دیا، جب کہ اساتذہ اور ماہرین تعلیم نے نوجوان نسل کی فکری رہنمائی اور تعلیمی میدان میں بہتری کو پائیدار امن کے لیے کلیدی عنصر قرار دیا۔
ڈاکٹروں اور دیگر پیشہ ور ماہرین نے معاشرتی فلاح و بہبود، صحت اور نفسیاتی سکون کو بھی ایک محفوظ معاشرے کی تعمیر میں اہم قرار دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اور تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہی ہے۔ سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع کرم میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام شعبوں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ آئندہ نسلیں ایک پرامن اور خوشحال ماحول میں پروان چڑھ سکیں۔