کراچی میں نادرا کی بائیک سروس کا آغاز
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
پہلی مرتبہ نئے شناختی کارڈز بنوانے والے شہری اس سروس سے استفادہ حاصل نہیں کر سکیں گے، انہیں پہلی مرتبہ قومی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے نادرا کے سینٹر آنا پڑے گا۔ اسلام ٹائمز۔ نادرا نے شہر کراچی میں بائیکر سروس کا آغاز کر دیا، نئی سہولت کے ذریعے شہری گھر بیٹھے قومی شناختی کارڈز کے متفرق کاموں کیلئے استفادہ کر سکیں گے۔ تفصیلات کے مطابق نادرا ریجنل ہیڈ آفس کراچی میں تقریب کے دوران ڈی جی نادرا کراچی ریجن احتشام شاہد نے قومی شناختی کارڈز کی درخواستوں کی پراسسینگ کیلئے درکار آلات پر مشتمل بائیک کی چابیاں بائیکرز کے حوالے کیں۔ ابتدائی طور پر نادرا حکام کی جانب سے شہریوں کے قومی شناختی کارڈز کی تجدید اور پتے اور دیگر تفصیلات کی تبدیلیوں کیلئے تین بائیکس متعارف کروائی گئی ہیں، پہلی مرتبہ نئے شناختی کارڈز بنوانے والے شہری اس سروس سے استفادہ حاصل نہیں کر سکیں گے، انہیں پہلی مرتبہ قومی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے نادرا کے سینٹر آنا پڑے گا، بائیک سروس میں مزید بائیکوں کی تعداد میں آنے والے کچھ عرصے کے دوران بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
کراچی کے علاوہ یہ سروس حیدرآباد اور میرپورخاص میں بھی دستیاب ہوگی، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ڈی جی نادرا کراچی ریجن احتشام شاہد کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری نادرا کی ہیلپ لائن سے خود کو رجسٹرڈ کرا سکتے ہیں، بائیکر سہولت سے نیا کارڈ نہیں بن سکے گا، البتہ پہلے سے بنے کارڈز کی تجدید سمیت دیگر سروسز سے استفادہ کیا جا سکے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس قبل گھر پر جو سروس مہیا کی جاتی تھیں وہ سینئر سیٹزن کیلئے مخصوص تھی، تاہم نئی سروس سے ہر شہری استفادہ کر سکتا ہے، ڈی جی نادرا کے مطابق قومی شناختی کی اصل فیس کے علاوہ ایک ہزار روپے اضافی رقم وصول کی جائے گی۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: شناختی کارڈز قومی شناختی پہلی مرتبہ
پڑھیں:
کراچی؛ سپرہائی وے میں ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی
کراچی:سپرہائی وے وزیر گوٹھ میں ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے شہری کو ابدی نیند سلا دیا اور مقتول کی چند ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی۔
سپر ہائی وے وزیر گوٹھ اتوار بازار کے قریب فائرنگ سے جاں بحق شہری کی شناخت 28 سالہ غنی کے نام سے کی گئی اور لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔
ایکسپریس کو مقتول کے چچازاد بھائی برکت علی نے بتایا کہ غنی دنبہ گوٹھ کا رہائشی تھا جس کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی اور اس نے کچھ عرصہ قبل نئی موٹر سائیکل خریدی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ غنی صبا سینما کے قریب پارٹس بنانے والی فیکٹری میں ملازمت کرتا تھا اور کام سے واپس اپنے گھر دنبہ گوٹھ جا رہا تھا کہ اتوار بازار کے قریب ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے اسے زندگی سے ہی محروم کر دیا۔
مقتول کے کزن نے بتایا کہ جس مقام پر واقعہ پیش آیا ہے وہاں موجود افراد کا کہنا تھا کہ غنی موٹر سائیکل بچانے کے لیے چابی نکال کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا کہ ڈاکوؤں نے اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور ڈاکوؤں کی سفاکانہ فائرنگ سے زندگی کی بازی ہارنے کی اطلاع پر ملنے پر اہل خانہ میں کہرام مچ گیا جبکہ خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں۔
اس موقع پر اہل محلہ کی بھی بڑی تعداد ان کی رہائش گاہ پر جمع ہوگئی اور واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غنی کو زندگی سے محروم کرنے والے سفاک ڈاکوؤں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔
شہر میں جاری ڈاکو راج کے دوران رواں سال کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 31 ہوگئی۔
دریں اثنا کورنگی نورالسلام مسجد کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 50 سالہ عرفان کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا۔
زمان ٹاؤن پولیس کے مطابق مضروب کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔