ٹک ٹاک بنانے کے لئے پنجرے میں جانے والے شہری پر شیر کا حملہ، شدید زخمی کردیا
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
لاہور میں پنجرے میں بند پالتو شیر کے ساتھ ویڈیوبنانے کے شوق میں نوجوان زخمی ہوگیا، چہرے اوربازو پر زخم آئے ہیں جب کہ ڈی جی پنجاب وائلڈلائف نے بریڈنگ فارم کا لائسنس منسوخ کرنے اور ملزم کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقہ سبزہ زار میں واقع میاں عمرڈولہ کے بریڈنگ فارم پر پیش آیا جہاں عظیم نامی نوجوان نے پنجرے میں بند پالتو شیر کے قریب جاکر ویڈیو بنانے کی کوشش کی تاہم شیر نے اچانک اس پر حملہ کردیا جس سے نوجوان کے چہرے، کندھے اور بازو پر زخم آئے ہیں۔زخمی نوجوان کو جناح ہسپتال میں طبی امداد کے بعد مرہم پٹی کی گئی۔
ادھر پنجاب وائلڈلائف کے ترجمان نے بتایا ڈی جی وائلڈلائف نے بریڈنگ فارم کے مالک کے خلاف قانونی کارروائی اور بریڈنگ فارم کا لائسنس منسوخ کرنے ہدایت کی ہے۔
واضع رہے کہ حال ہی میں پنجاب کابینہ نے شوقیہ شیر پالنے والوں سے متعلق نئے قوانین کی منظوری دی ہے جس کے تحت شہری آبادیوں کے اندر شیر سمیت اس انواع کے دیگر جانور رکھنے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ ان جانوروں کے ساتھ ٹک ٹاک، ویڈیوز بنانے پرپابندی کی منظوری دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ پہلی بار بگ کیٹس کو وائلڈلائف ایکٹ 1974 کے شیڈول 2 میں شامل کیا گیا ہے اور شیر رکھنے کے لئے ایک شیر کی 50 ہزار روپے لائسنس فیس اداکرنا ہوگی۔
صوبائی کابینہ نئی ترامیم کی منظوری دے چکی ہے تاہم اس حوالے سے ابھی گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بریڈنگ فارم
پڑھیں:
کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہری جاں بحق، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دے دیا
شہر قائد کے علاقے گڈاپ سٹی مسلح افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈسٹرکٹ ملیر گڈاپ تھانے کے حدود میں واقعے گڈاپ سٹی میں پیش آیا۔
ایس ایچ او تھانہ گڈاپ سرفراز جتوئی کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت خورشید کے نام سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے خورشید نامی شہری کو قتل کیا اور فرار ہوگئے۔
مقتول سے تاحال کسی قسم کی لوٹ مار کے شواہد نہیں ملے ہیں۔ واقعہ ابتدائی طور پر ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں بچی سمیت 5 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔