’’کولڈ پلے‘‘ کا پاکستان
اشاعت کی تاریخ: 20th, January 2025 GMT
کراچی:
چند روز قبل کی بات ہے دبئی سے کراچی واپس آتے ہوئے فلائٹ سے قبل میں ایئرپورٹ لاؤنج میں بیٹھا تھا، وہاں نوجوان لڑکے لڑکیوں کا بڑا گروپ بھی نظر آیا، سب پاکستانی تھے لیکن انگریزی میں بات چیت میں مگن رہے، میں نے اپنے ساتھ بیٹھے ایک برگر کلاس نوجوان سے پوچھا کہ آپ لوگ کسی کالج ایکٹیوٹی کے لیے یو اے ای گئے تھے تو اس نے کہا ’’ نو ہم تو وہاں کولڈ پلے کے کنسرٹ کیلیے گئے تھے،وی آل لو کرس مارٹن‘‘۔
آپس کی بات ہے میں دیسی بندہ ہوں مجھے ارجیت سنگھ، عاطف اسلم، راحت فتح علی خان اور کشور کمار کا تو پتا ہے لیکن کولڈ پلے سے صرف اس حد تک واقف ہوں کہ وہ ایک میوزیکل گروپ ہے، بھارت میں کئی کامیاب شوز کیے اور پھر ابوظبی میں کنسرٹس کا سلسلہ شروع ہوا، پاکستانی ایلیٹ نے اپنے ملک میں شو نہ ہونے کی کسر یو اے ای جا کر پوری کر لی،اس کی ٹکٹ ہی پاکستانی روپے میں لاکھوں میں بنتی ہو گی، ایئرٹکٹ اور رہائش وغیرہ الگ ہے.
یہ ’’کولڈ پلے‘‘ کا پاکستان ہے جس کو پیسے کی کوئی کمی نہیں،آپ کو بڑے ریسٹورینٹس اور شاپنگ مالز میں ایسے لوگوں کی کمی نظر نہیں آتی.
دوسرا پاکستان وہ ہے جہاں لوگ دو وقت کی روٹی کیلیے صبح سے شام سخت محنت کرتے ہیں،اب ہم اس بات کو کرکٹ کی طرف لے آتے ہیں، جس طرح ابھی کوئی میوزک اسٹار کنسرٹ کیلیے یہاں نہیں آتا ویسے ہی برسوں غیرملکی کرکٹ ٹیمیں بھی نہیں آتی تھیں، یو اے ای میں ہمارے میچز ہوتے،کوئی بڑا موقع ہوتا تو الیٹ کلاس وہاں چلی جاتی البتہ ایک عام پاکستان برسوں اپنے سامنے لائیو میچ دیکھنے سے محروم ہی رہا.
ایسے میں اب چیمپئنز ٹرافی یہاں ہو رہی ہے تو آپ اس کی اہمیت کا اندازہ لگا سکتے ہیں، چند سو یاایک ہزار روپے کا ٹکٹ لے کر کوئی بھی اپنے اور غیرملکی اسٹارز کو ایکشن میں دیکھ سکے گا لیکن اگر ایسے ایونٹس نہ ہوں تو وہ دبئی جانے کا تو خواب بھی نہیں دیکھ سکتا.
گوکہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے اس بار بھی چند میچز یو اے ای میں ہو رہے ہیں لیکن پاکستان میں بھی کسی عالمی ایونٹ کے نہ ہونے کا جمود ٹوٹ چکا، ایک سال قبل ایک اعلیٰ بورڈ آفیشل نے مجھے قذافی اسٹیڈیم کے اپنے باکس میں میچ دیکھنے کیلیے مدعو کیا، یقین مانیے چند منٹ بعد ہی میں وہاں سے واپس چلا گیا کیونکہ میدان میں کیا ہو رہا تھا بغیر ٹی وی کے جاننا آسان نہیں تھا، کسی بھی انکلوژر میں چلے جائیں ویو اچھا نہ تھا.
محسن نقوی نے جب اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا بیڑا اٹھایا تو وقت کی کمی کے سبب لوگوں نے تنقید بھی کی لیکن اب کام تقریبا تکمیل تک پہنچ چکا، انھوں نے شائقین کیلیے ویو بہتر بنانے کو ہی ترجیح دی جو سب سے اہم بات ہے،اتنے بڑے پروجیکٹس میں تھوڑی تاخیر ہو ہی جاتی ہے.
امریکا میں نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم نیویارک پہلے میچ سے چند روز قبل ہی آئی سی سی کو ملا تھا، ابھی جتنی تنقید ہو رہی ہے جب ہم کراچی،لاہور اور راولپنڈی کے وینیوز کو نئی حالت میں دیکھیں گے تو اتنی ہی تعریف بھی کریں گے.
پاکستانی فلم انڈسٹری دم توڑ چکی، دیگر کھیلوں میں عوامی دلچسپی نہ ہونے کے برابر ہے، یہاں تفریح کا واحد ذریعہ فلاں ریسٹورینٹ کی کڑھائی، فلاں کی بریانی وغیرہ ہی ہے.
زیادہ تر لوگ آؤٹنگ کے نام پر ہوٹلنگ ہی کرتے ہیں، اسی لیے ہم نے اپنی صحت کا بھی بْرا حال کر لیا ہے، ایسے میں عوام کیلیے کرکٹ میچز ہی معیاری تفریح کا ذریعہ بن سکتے ہیں، ٹرائنگولر سیریز، پھر چیمپئنز ٹرافی اور اس کے بعد پی ایس ایل کا انعقاد ہونا ہے، وینیوز تو بنا لیے اب شائقین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کریں.
ملتان میں مفت انٹری کے باوجود ٹیسٹ دیکھنے زیادہ لوگ اسٹیڈیم نہیں آئے، چیمپئنز ٹرافی جیسے ایونٹ میں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی اسٹیڈیم خالی نہ رہے، ٹکٹوں کے نرخ طے کرتے ہوئے اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ لوگ کیا اتنی رقم افورڈ کر سکیں گے، واش رومز کی حالت بہتر ہونی چاہیے، کھانے پینے کی اشیا معیاری ہونے کے ساتھ ریٹ پر بھی نظر رکھنا ہوگی، پارکنگ کے مقامات اسٹیڈیم سے زیادہ دور نہ رکھیں، شٹل سروس بھی چلائیں تاکہ ٹکٹ ہولڈر اس کے ذریعے اسٹیڈیم پہنچ سکیں.
آج کل کے دور میں سیکیورٹی بہت ضروری ہے لیکن اس سے عوام کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے، چار جگہ تلاشی کے بجائے ایک ہی مقام پر سخت ترین چیکنگ سے گذار کر اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دے دینی چاہیے.
میچز کے دوران میلے جیسا سماں بنائیں،آغاز سے قبل اور وقفے پر کسی گلوکار کی پرفارمنس رکھ دیں، ٹکٹ کے نمبر پر قرعہ اندازی کے ذریعے انعامات تقسیم کریں، پی سی بی کیلیے چند بائیکس، ٹی وی وغیرہ کی اسپانسر شپ حاصل کرنا کون سا مشکل کام ہے،میچ کے بعد چند خوش نصیب شائقین کی کرکٹرز سے ملاقات اور سیلفیز کا بھی پلان کریں، پی ایس ایل میں تو اسٹیڈیمز بھرنے کا کام فرنچائزز پر چھوڑ دینا چاہیے.
عاطف رانا لاہور قلندرز کے میچز میں قذافی اسٹیڈیم کو کئی بار بھر چکے، اب پھر یہ ٹاسک ان سمیت دیگر اونرز کو سونپنا چاہیے،ٹکٹ کے ساتھ شرٹ یا کیپ کا تحفہ دیں، ایک اسٹینڈ قلندرز کی شرٹ پہنے شائقین کا ہو دوسرے میں کنگز کے مداح بیٹھے ہوں، کیا زبردست ماحول بنے گا.
محسن نقوی نے اسٹیڈیمز کی حالت بدل کر اپنی اہلیت ثابت کر دی، وہ دھن کے پکے ہیں جو کہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں، اب انھیں شائقین کو سہولتیں فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے، چیمپئنز ٹرافی میں تو کم میچز ہیں،آئندہ جو بڑے ایونٹس ملیں ان کے میچز تین ریگولر وینیوز کے ساتھ دیگر شہروں میں بھی رکھیں،جو آمدنی ہو اس میں سے کچھ حصہ مزید اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کیلیے مختص کریں.
ایک ، ایک کر کے وینیوز کو بہتر بنائیں، پھر ایک وقت آئے گا جب ہمیں ورلڈکپ کی بھی میزبانی ملے گی اور کئی وینیوز میچز کا انعقاد کرنے کیلیے تیار بھی ہوں گے، ایسا وقت زیادہ دور بھی نہیں لگتا، آپ کا کیا خیال ہے۔
(نوٹ: آپ ٹویٹر پر مجھے @saleemkhaliq پر فالو کر سکتے ہیں)
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیمپئنز ٹرافی یو اے ای نہیں ا
پڑھیں:
کینال منصوبہ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تو پھر احتجاج کیلیے نکلیں گے، وزیراعلی سندھ
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کسی کی نیت پر شک نہیں کر رہے لیکن کسی کے ہاتھوں میں بھی نہیں کھیل رہے، یہ اجتماعی مقصد ہے اور ہمیں کینال منصوبے کو روکنا ہے کیونکہ یہ ملک کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کینال منصوبہ اگر ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تو پھر احتجاج کے لیے نکلیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سندھ نے واضح کیا کہ سندھ کے عوام کے مفاد کے خلاف کوئی منصوبہ منظور نہیں کیا جائے گا اور وہ کینال منصوبے کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ایک ایسا صوبہ ہے جو ہر مذہب، ہر ذات اور ہر برادری کو ساتھ لے کر چلتا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ منصوبہ کسی نے بھی بنایا ہو، لیکن سندھ حکومت نے اسے منظور نہیں ہونے دیا، کینالز پر نہ ہونے کے برابر کام ہوا، وہ بھی جولائی میں، اگر یہ معاملہ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تو ہم احتجاج کے لیے نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کی نیت پر شک نہیں کر رہے لیکن کسی کے ہاتھوں میں بھی نہیں کھیل رہے، یہ اجتماعی مقصد ہے اور ہمیں کینال منصوبے کو روکنا ہے کیونکہ یہ ملک کی بہتری کے لیے ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وکلاء برادری جمہوریت کی بحالی میں پہلے بھی شراکت دار رہی ہے، اب بھی وہ ہمارے ساتھ ہیں۔ انہوں نے وکلا کی کینالز کے خلاف جدوجہد کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے ساتھ ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے احتجاج کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، ہم اپوزیشن جماعتوں اور قوم پرست تنظیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے اپیل کی کہ احتجاج ضرور کریں مگر عوام کو تکلیف نہ پہنچائیں، سڑکیں بند نہ کریں، میں ضمانت دیتا ہوں کہ یہ کینالز نہیں بنیں گی۔ وزیراعلی سندھ نے سوال کیا کہ وفاقی حکومت اب تک اس منصوبے کو ختم کیوں نہیں کر رہی؟ وزیر خزانہ نے 19 اپریل کو خط بھیجا کہ سندھ اپنا این ایف سی نمائندہ تجویز کرے، ہم اس پر کام کر رہے ہیں، 14 ماہ بعد وفاقی حکومت نے قومی مالیاتی کمیشن کے نمائندے مانگے ہیں۔ مراد علی شاہ نے کسانوں کی حالت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے فارمرز بھی اگلے سال گندم نہ اگانے کا سوچ رہے ہیں، چین میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار 60 سے 65 من ہے، ہمیں بھی ٹیکنالوجی اپنانا ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کپاس کی پیداوار بڑھا نہیں سکے اور اب ریگستان کو آباد کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں، بھارت کے اندرا کینال کے نتائج چیٹ جی پی ٹی سے چیک کر لیں، نئی نہروں کے لیے اضافی پانی موجود ہی نہیں ہے، انشاءاللہ ہم یہ منصوبہ واپس بھی لیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم سندھ کے تحفظات کا احترام کریں گے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انگریز دور میں بھی زیریں علاقوں کے مفاد میں بالائی علاقوں کے کینال منصوبے مسترد کیے گئے تھے۔ آخر میں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مجھے پوری امید ہے کہ وزیراعظم انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔