امریکہ میں ٹک ٹاک بند، کمپنی کو ٹرمپ سے امیدیں
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
ویب ڈیسک — امریکہ میں ٹک ٹاک کی ایپلی کیشن نے کا کام کرنا بند کردیا ہے جب کہ ایپل اور گوگل ایپ اسٹور سے بھی یہ غائب ہوگئی ہے۔
اتوار کو اس ایپ پر پابندی کا اطلاق ہونا تھا تاہم ہفتے کو رات گئے ہی اس ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے امریکہ میں کام کرنا بند کردیا تھا۔
منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ پیر کو عہدہ سنبھالنے کے بعد غالب امکان ہے ٹک ٹاک کو پابندی ختم کرانے کے لیے 90 دن کی مہلت دیں گے۔
ٹک ٹاک نے اپنی ایپ پر امریکہ میں بندش کے اعلان کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کے اس وعدے کا بھی حوالہ دیا ہے۔
ٹک ٹاک چین کی کمپنی بائیٹ ڈانس کی ملکیت میں ہے۔
ہفتے کو رات گئے جن صارفین نے اس ایپ تک رسائی کی کوشش کی تو انہیں اپنی اسکرین پر یہ نوٹس دکھائی دیا کہ امریکہ میں نافذ ہونے والے ایک قانون کے تحت ٹک ٹاک پر پابندی عائد ہوگئی ہے۔ بد قسمتی سے، اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ اس وقت ٹک ٹاک استعمال نہیں کرسکتے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ صدر ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹک ٹاک کی بحالی کے لیے کسی حل پر ہمارے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ برائے کرم ہمارے ساتھ رہیے۔
بائٹ ڈانس کی دیگر ایپس بشمول ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ کیپکٹ اور لائف اسٹائل سوشل ایپ لیمن ایٹ بھی ہفتے کو رات گئے امریکہ میں آف لائن ہوگئی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ’این بی سی‘ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’90 دن کی توسیع ایسی چیز ہے جو غالب امکان ہے کہ کی جا سکتی ہے اور یہ بہت مناسب ہے۔ اگر میں ایسا کرنے کا فیصلہ کرتا ہوں تو ممکنہ طور پر پیر ہی کو اس کا اعلان کر دوں گا۔‘‘
ہفتے کو ایک بیان میں وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ آئندہ حکومت اس سلسلے میں فیصلے کی مجاز ہوگی۔
صدر جو بائیڈن نے گزشتہ سال اپریل میں ایک حکم نامے پر دستخط کیے تھے جس میں بائٹ ڈانس سے کہا گیا تھا کہ وہ 2025 کے آغاز تک امریکہ میں اپنے تمام اثاثے فروخت کر دے یا پھر ملک بھر میں اپنے پر پابندی کا سامنا کرے۔
ٹک ٹاک نے اس قانون کے خلاف امریکہ کی سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا اور یہ اعتراض اٹھایا ہے کہ عدالت اُس قانون کو کالعدم قرار دے جس کے تحت 19 جنوری تک پلیٹ فارم پر پابندی لگ سکتی ہے جب کہ حکومت نے اپنے اس مؤقف پر زور دیا ہے کہ قومی سلامتی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے قانون ضروری ہے۔
امریکہ کی سپریم کورٹ نے جمعے کو اس قانون کو برقرار رکھنے کا فیصلہ دیا تھا جس کے تحت 19 جنوری سے ٹک ٹاک پر پابندی کا اطلاق ہونا تھا۔
جمعے کو امریکہ میں چینی سفارت خانے نے الزام عائد کیا تھا کہ امریکہ ٹک ٹاک کو دبانے کے لیے غیر شفاف انداز میں ریاستی قوت کا استعمال کر رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدمات کرے گا۔
ٹک ٹاک امریکہ کی کل آبادی کے لگ بھگ نصف کے استعمال میں ہے اور اسے امریکہ آن لائن کلچر تشکیل دینے والی ایپ کہا جاتا ہے اور اس پر کئی چھوٹے آن لائن کاروبار بھی ہوتے ہیں۔
ٹک ٹاک کے مستقبل سے متعلق بے یقینی کی وجہ سے زیادہ تر نوجوان صارفین نے چینی ایپ ریڈ نوٹ سمیت دیگر متبادل کا رخ کرنا شروع کردیا ہے۔
گوگل ٹرینڈ کے مطابق ٹک ٹاک بند ہونے کے چند منٹ بعد ہی امریکہ میں ’وی پی این‘ کی سرچز میں اچانک اضافہ دیکھا گیا ہے۔
بائیٹ ڈانس میں بلیک راک اور جنرل اٹلانٹک جیسے انسٹی ٹیوشنل انویسٹرز کے شیئر 60 فی صد ہیں جب کہ اس کے بانیوں اور ملازمین کے پاس اس کے بیس بیس فی صد شیئرز ہیں۔ امریکہ میں اس کے سات ہزار ملازمین ہیں۔
اس خبر کی تفصیلات ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔
.ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان کھیل امریکہ میں پر پابندی ہفتے کو ٹک ٹاک تھا کہ کے لیے دیا ہے
پڑھیں:
مدعی کی تصویر کے بغیر پنجاب کی میں کیس دائر کرنے پر پابندی
مدعی یا درخواست گزار کی بائیو میٹرک اور تصویر کے بغیر پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں کسی بھی قسم کے کیس دائر کرنے پر پابندی لگا دی گئی۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں جعلی اور غیر ضروری مقدمات کی روک تھام کیلئے تاریخی منصوبے کا آغاز کر دیا، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کی منظوری کے بعد پنجاب بھر کے سیشن ججز کو مراسلہ ارسال کر دیا جس میں کیسز دائر کرنے سے متعلقہ نئے ایس او پیز طے کر دئیے۔ایس او پیز کے مطابق پورے پنجاب کی ماتحت عدالتوں میں اب کیسز دائر کرنے کیلئے مدعی یا درخواست گزار کو خود عدالت چل کر آنا ہو گا، پھر سپیشل کائونٹر پر مدعی یا درخواست گزار کی بائیو میٹرک تصدیق ہو گی اور ویب کیمرے سے مدعی یا درخواست گزار کی تصویر لی جا سکے گی اور پھر اس تصویر کو درخواست گزار کے کیس کے پہلے صفحے پر پرنٹ کیا جائے گا جس کے بعد کوئی بھی سائل کیس دائر کر سکے گا۔اس سے قبل کیس دائر کرنے کیلئے صرف سائل کے شناختی کارڈ کی کاپی استعمال ہوتی تھی اور کیس دائر ہو جاتا تھا، اس سے بوگس کیسز کی تعداد میں بے شمار اضافہ ہوا جس پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے ایکشن لیا اور پورے پنجاب میں مدعی یا درخواست گزار کے نہ آنے اور بائیو میٹرک نہ کروانے والے سائلین کے کیسز کی ڈائری پر پابندی لگا دی۔اس سلسلے میں صوبہ پنجاب کی سب سے بڑی وکلا تنظیم کے وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل عرفان صادق تارڑ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایسے اقدامات سے نہ صرف بوگس کیس کی دائری رکے گی بلکہ کیسز کا بوجھ بھی عدالتوں میں کم ہو گا، ہر ضلع میں بائیو میٹرک کیلئے زیادہ سسٹم نصب کئے جائیں گے تاکہ سائلین کو پریشانی نہ ہو۔انہوں نے چیف جسٹس عالیہ نیلم سے مطالبہ کیا کہ پورے پنجاب کی سیشن عدالتوں میں بائیو میٹرک اور ویب کیمرے نصب کرنے کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ سائلین کی کیسز دائری کیلئے مشکلات ختم ہو سکیں۔قانونی ماہر شاید نذیر نے کہا کہ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے بہت اچھا اقدام کیا، ہم چیف جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، میں تو یہ بھی مطالبہ کرتا ہوں کہ صرف سائل کا ہی بائیو میٹرک نہ کیا جائے بلکہ سائل کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل کا بھی بائیو میٹرک ہونا چاہئے اور ویب کیمرے سے تصویر بھی لی جانی چاہیے تاکہ پٹیشن کے پہلے صفحے پر سائل اور وکیل دونوں کی تصویریں ہوں۔