دفتر خارجہ نے مراکش کشتی حادثہ میں بچ جانے والے پاکستانیوں کی فہرست جاری کردی
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
دفتر خارجہ نے مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے پاکستانی شہریوں کی فہرست جاری کردی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے ایک جاری بیان کے مطابق، الداخلہ کے قریب کشتی حادثے میں بچ جانے والوں میں 21 پاکستانی شامل ہیں، مصدقہ اطلاعات کے مطابق میری ٹائم کے ریسکیو آپریشن میں 21 پاکستانیوں کو بچایا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ رباط میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے متاثرہ افراد کو فوری رسپانس دیا گیا ہے، پاکستانی سفارتخانے نے ابتدائی ضروریات تمام متاثرین کو مہیا کردی ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے متاثرہ پاکستانی شہریوں کو کھانا، پانی، دوائیں اور کپڑے فراہم کردیے گئے ہیں جبکہ میڈیکل ٹیمیں بھی ریلیف آپریشن میں شامل ہیں۔۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کی مزید نگرانی کے لیے پاکستانی سفارتخانہ اور حکومت پاکستان مراکش حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، تمام تر صورت حال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق، مراکس کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں میں مدثر حسین، وسیم خالد، محمد خالق، عبدالغفار، گل شامیر، تنویر احمد، محمد عباس کاظمی، غلام مصطفیٰ، عمران اقبال، شعیب ظفر، علی حسن، محمد آصف اور بلاول اقبال شامل ہیں۔ بچ جانے والے پاکستانیوں میں سید بدر محی الدین، سید مہتاب الحسن، عزیر بشارت، مجاہد علی، عامر علی، محمد عمر فاروقی، ارسلان اور عرفان احمد بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل مغربی افریقہ سے کشتی کے ذریعے غیرقانونی طور پر اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے کم از کم 50 تارکین وطن ہلاک ہو گئے تھے جن میں 44 افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔
اس کشتی میں 66 پاکستانیوں سمیت 86 افراد شامل تھے جن میں سے 36 افراد کو بچالیا گیا۔ بعد میں سامنے آنے والی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ ان تارکین وطن کو انسانی اسمگلرز نے مزید رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے مبینہ طور پر تشدد کرکے قتل کیا تھا۔
گزشتہ روز وزیراعظم کی ہدایت پر کشتی حادثہ کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی ٹیم مراکش روانہ ہوئی تھی۔ اس ٹیم میں ایف آئی اے، وزارت داخلہ، وزارت خارجہ اور انٹیلجنس بیورو کی طرف سے ایک ایک افسرشامل ہیں۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: بچ جانے والے پاکستانی دفتر خارجہ شامل ہیں
پڑھیں:
صوابی؛ ژالہ باری، تیز بارش، آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان جاں بحق، 2 زخمی
SWABI:خیبرپختونخوا میں شدید ژالہ باری، طوفان اور بارشوں سے صوابی اور دیگر علاقوں میں تیار فصلوں کو شدید نقصان پہنچا اور آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے۔
صوابی کے مختلف علاقوں میں موسم نے خطرناک صورت حال اختیار کرلی جہاں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے اور چند مقامات پر آسمانی بجلی گرنے سے نقصان ہوا۔
صوابی میں دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر کشتی پر آسمانی بجلی گرنے سے کشتی بان اقبال حسین جاں بحق اور کشتی پر سوار دو افراد جنید اور ارشد زخمی ہوگئے جبکہ دو افراد حسیب اور واصف شاہ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
اس دوران تمباکو، گندم، مختلف سبزیاں اور باغات وغیرہ کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس وقت گندم اور ملکی تمباکو سفید پتا کی فصل بالکل تیار ہے اور مختلف علاقوں میں گندم کی کٹائی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
صوابی میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پلو ڈھنڈ، سلیم خان اور مانیری صوابی شامل ہیں، تحصیل ٹوپی، لاہور اور رزڑ کے مختلف پٹوار سرکل میں بھی جزوی نقصان ہوا ہے۔
اتحاد کاشتکاران پختونخوا کے چئیرمین عارف علی خان اور نائب صدر محمد اقبال خان آف شیوہ نے شدید مالی اور جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کاشت کاروں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شدید موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثرہ طبقہ کاشت کار اور زمین دار ہیں لہٰذا متاثرہ علاقوں کا سروے کیا جائے۔