امریکی غلامی سے نکلے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا: حافظ نعیم
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ملک پر مسلط حکمران ٹولہ اپنی ہی قوم کو فتح اور امریکہ کو خوش کرنے میں لگا ہوا ہے۔ امریکی غلامی سے نکلے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔ اسرائیل امریکی سرپرستی میں معاہدہ کرنے کے باوجود اہل غزہ پر بمباری کر رہا ہے۔ امریکہ انسانیت کا دشمن ہے، اس نے پوری دنیا میں ظلم وستم کی تاریخ رقم کی، جاپان پر ایٹم بم گرایا، عراق، افغانستان، ویت نام میں لاکھوں افراد کو مارا اورجمہوری حکومتوں کے تختے الٹ دئیے۔ عوام امریکی وفاداروں سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔ ایکسپو کراچی میں نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستانی مصنوعات کے صنعتی اداروں کے مالکان اور تاجر اپنی مصنوعات معیاری بنائیں اور اس کی فراہمی کو آسان بنائیں۔ دنیا بھر میں ان کی مصنوعات کی پذیرائی ہوگی اور پاکستان بھی ترقی کرے گا، حکومت کو چاہیے کہ وہ پاکستانی صنعتوں کو سستی بجلی اور دیگر سہولتیں فراہم کرے تاکہ وہ عوام کو سستی مصنوعات فراہم کر سکے۔ قبل ازیں انہوں نے پاکستانی مصنوعات کے بطور متبادل فروغ کے لیے پاکستان بزنس فورم کے تحت ہفتہ کو ایکسپو سینٹر میں دو روزہ نمائش بعنوان ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ کا افتتاح کر دیا، شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور نمائش کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جاوید بلوانی نے بھی خطاب کیا جبکہ نمائش میں جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سکرٹری امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان،، صدر پاکستان بزنس فورم کراچی سہیل عزیز، جنرل سکرٹری عامر رفیع، سینئر نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ثاقب فیاض مگوں و دیگر بھی موجود تھے۔ آج بھی جاری رہے گی۔ جاوید بلوانی نے کہاکہ جماعت اسلامی، الخدمت اور پاکستان بزنس فورم کا شکر گزار ہوں جن کے تعاون سے ایک بار پھر ’’میرا برانڈ پاکستان‘‘ نمائش منعقد کی گئی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: جماعت اسلامی
پڑھیں:
26؍اپریل کو مکمل ملک گیر ہڑتال ہو گی، حافظ نعیم الرحمان
ہم نے امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کا کہا تھا، حکمرانوںنے اسلام آباد بند کیا ہے ، ہم کسی بندوق اور گولی سے ڈرنے والے نہیں ، یہ ہمارا راستہ نہیں روک سکتے تھے مگر ہم پولیس والوں کے ساتھ تصادم نہیں کرنا چاہتے
حکمران سوئے ہوئے ہیں مگر امت سوئی ہوئی نہیں ہے ، اسرائیلی وحشت روکنے کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا، یہ سیاسی نعرے بازی نہیں ہمارے ایمان کا معاملہ ہے ، امیر جماعت اسلامی کا اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمران امریکا اور اسرائیل سے خوف کھاتے ہیں، مگر امت سوئی ہوئی نہیں ہے ، اسرائیلی وحشت روکنے کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا۔اسلام آباد میں غزہ مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ امریکا اور اسرائیل کی خدمت کرکے عزت حاصل کرسکتے ہیں تو یاد رکھیں امریکا کسی کا بھی نہیں ہے ، وہ صرف دہشت گردوں کو سپورٹ کرتا ہے اور ہم سب اس کا نشانہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکا مسلمانوں اور انسانوں کا قاتل ہے ، امریکا کے نوجوان خود اس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات فلسطین کی حمایت میں احتجاج کررہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بیت المقدس یہودیوں کے قبضے میں ہے ، یہ عربوں اور فلسطینیوں کی سرزمین ہے جس پر یہودی جبراً مسلط کردیے گئے ہیں، مغربی کنارے میں بھی انہوں نے ایک لاکھ لوگ بے گھر کیے گئے ہیں، قبضے کا یہ سلسلہ رکے گا نہیں ہمیں روکنا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہونا پڑے گا، عالم اسلام کو بھی جگانا پڑے گا، اور باضمیر ممالک جو اس وقت اسرائیل کے خلاف ہیں انہیں اکٹھا کرنا پڑے گا، کوئی اور یہ کام کرے نہ کرے ، پاکستان کو یہ کام کرنا ہوگا، لوگ پاکستان کی طرف بہت امید سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اسرائیل کو مغرب اور استعمال کی ناجائز اولاد قرار دیا تھا، اور اعلان کردیا تھا کہ پاکستان اسرائیل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔ حافط نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کا کہا تھا، حکمران امریکا سے خوف کھاتے ہیں، اسرائیل سے ڈرتے ہیں، اس لیے انہوں نے اسلام آباد بند کیا ہے ، مگر ہم کسی بندوق اور گولی سے ڈرنے والے نہیں ہیں، یہ ہمارا راستہ نہیں روک سکتے تھے مگر ہم پولیس والوں کے ساتھ تصادم نہیں کرنا چاہتے ۔انہوں نے کہا کہ حکمران سوئے ہوئے ہیں مگر امت سوئی ہوئی نہیں ہے ، اسرائیلی وحشت روکنے کیلئے ہمیں متحد ہونا پڑے گا، یہ سیاسی نعرے بازی نہیں ہمارے ایمان کا معاملہ ہے ۔امیر جماعت اسلامی نے حکمرانوں ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ظالم حکمرانوں نے تباہی پھیر دی ہے اور ملک بھر میں مسائل اس وجہ سے مظلوموں کی طاقت تقسیم کردی گئی ہے ، ہمیں بلوچ، پنجابی، سندھی، پختونوں میں تقسیم کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر ان ظالموں اور جابروں اور امریکا کے غلاموں کو تقسیم کرنا ہوگا، پھر کسی کا حق نہیں مارا جائے گا، میں ملک بھر کے عوام سے کہتا ہوں کہ متحد ہوجاؤ اور ان ظالموں سے اپنا حق حاصل کرو۔خطاب کے آخر میں حافظ نعیم الرحمن نے عوام سے 26 اپریل کی ہڑتال کو کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 27 اپریل کو اگلے لائحہ کا اعلان کیا جائے گا۔