ہمارا بچہ چلا گیا، آپ سیاست کرنے آگئے، ایم کیو ایم رکن اسمبلی کو مشتعل افراد نے کھری کھری سنادیں
اشاعت کی تاریخ: 18th, January 2025 GMT
کراچی(نیوز ڈیسک)نارتھ کراچی میں زیر زمین ٹینک سے بچے کی لاش ملنے کے بعد ایم کیو ایم کے ایم پی اے عبدالوسیم کو دیکھ کر اپارٹمنٹ کے مشتعل رہائشیوں اور خواتین نے کھری کھری سناتے ہوئے کہا کہ ہمارا بچہ چلا گیا، اب آپ سیاست کرنے آگئے۔
نارتھ کراچی میں زیر زمین ٹینک سے بچے کی لاش ملنے کے واقعہ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی عبدالوسیم جائے وقوعہ پر پہنچے تھے۔
اپارٹمنٹ کے رہائشی افراد اور خواتین رکن سندھ اسمبلی کو دیکھ کر مشتعل ہوگئے، مشتعل رہائشیوں نے ایم پی اے پر چڑھائی کردی، جبکہ خواتین نے عبدالوسیم کو گھیر لیا۔
فلیٹ کے مشتعل مکینوں اور خواتین نے کہا کہ ہمارا بچہ چلاگیا، آپ لوگ اپنی سیاست چمکانے آگئے، مشتعل رہائشیوں نے اپارٹمنٹ کی یونین سے بھی تلخ کلامی کی۔
واضح رہے کہ نارتھ کراچی میں 11 روز سے لاپتہ سات سالہ صارم کی لاش گھر کے قریب ٹینک سے مل گئی۔
پولیس کے مطابق کم سن صارم 11 روز قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہوا تھا، جس کی تلاش جاری تھی۔
پولیس نے بتایا کہ واٹر ٹینک پر ڈھکن کی جگہ گتے کا ٹکڑا رکھا ہوا تھا، بچہ حادثاتی طور پر گرا یا کسی نے پھینکا، اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
مزیدپڑھیں:عمران خان نے جیل سے پیغام دے دیا ، فیصل چوہدری
ذریعہ: Daily Ausaf
پڑھیں:
میرپور ماتھیلو، کورائی برادری کے گھروں پر مسلح افراد کا حملہ، 2 خواتین سمیت 4 افراد قتل
میرپور ماتھیلو:خانپور مہر کے نواحی علاقے ہیکل پٹ میں مسلح افراد نے کورائی برادری کے گھروں پر حملہ کر کے چار افراد کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مسلح افراد نے گلشیر کورائی، ان کے بھائی گل میر کورائی، بیوی شریفاں اور والدہ اختیاراں کورائی کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔
اطلاع کے باوجود پولیس موقع پر نہ پہنچ سکی، جس کے باعث لاشیں جائے وقوعہ پر پڑی رہیں۔
ذرائع کے مطابق، تھانہ مبارک پور اور تھانہ خانپور مہر پولیس کے درمیان حدود کے تنازعے کے باعث مقتولین کی نعشیں تاحال جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
پولیس حکام نے واقعہ کو پرانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔