امریکی وزیرخارجہ پر اسرائیلی مظالم میں ملوث ہونے کا الزام
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
واشنگٹن: امریکا کے وزیرِخارجہ انتھونی بلنکن پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں پر جو انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں اُن میں اُنہوں نے بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
جمعہ کو انتھونی بلنکن کی پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں نے غزہ کی صورتِ حال کے حوالے سے شدید احتجاج کیا۔ ایک صحافی کو بریفنگ سے بزور نکال باہر کیا گیا۔ احتجاج کرنے والے صحافی کا کہنا تھا کہ انتھونی بلنکن کو ایسا عفریت قرار دیا جاسکتا ہے جو جنگ کا خواہش مند تھا۔ بلنکن نے اسرائیل کی بھرپور مدد کی۔ اسرائیل کو اُن کی رضامندی سے ہتھیار فراہم کیے جاتے رہے اور یہ ہتھیار فلسطینی بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کے قتلِ عام میں استعمال کیے گئے۔
بائیڈن انتظامیہ پر بھی اسرائیل کی معاونت اور غزہ میں قتلِ عام کو بڑھاوا دینے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔ جو بائیڈن کا عہدِ صدارت 20 جنوری کو ختم ہو رہا ہے جب نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ حلف اٹھائیں گے۔ امریکا اور یورپ کے بہت سے میڈیا آؤٹ لیٹ غزہ کے نہتے فلسطینیوں کے لیے کوئی کردار ادا نہ کرنے پر صدر بائیڈن کو موردِ الزام ٹھہراتے رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ہم جنگ کا خاتمہ اس وقت تک نہیں کریں گے جب تک حماس کو ختم نہ کردیں: نیتن یاہو
اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ہم اس جنگ کا خاتمہ اس وقت تک نہیں کریں گےجب تک حماس کوختم نہ کردیں۔
ٹیلی ویژن پر بیان میں انہوں نے کہا کہ جب تک تمام مغویوں کو واپس نہ لے آئیں، جنگ کو ختم نہیں کریں گے۔
نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ حماس کے مطالبات کے سامنے جھک گئے تو ہم غزہ میں دوبارہ جنگ نہیں کر سکیں گے، غزہ میں حماس کی حکومت کا برقرار رہنا اسرائیل کے لیے بہت بڑی شکست ہو گی۔
اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا کہ حماس تو جنگ کے خاتمے اور اپنی حکومت کو برقرار رکھنے کا مطالبہ کر رہی ہے، حماس اسرائیل کے مکمل انخلاء اور غزہ کی تعمیر نو کا بھی مطالبہ کرتی ہے، تعمیر نو کی وجہ سے اتنی بڑی امدادی آئے گی کہ وہ دوبارہ مسلح ہو پائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایسی شرائط پر جنگ کا خاتمہ پیغام دے گا کہ اغواء کاری کے ذریعے اسرائیل کو جھکایا جا سکتا ہے، یہ یقینی بنانا بھی ہے کہ غزہ پٹی اسرائیل کے لیے مزید خطرہ نہیں بنے گی، حماس کی شرائط پر جنگ ختم کرنے کا کہنے والے اسرائیلی دانشور حماس کا پروپیگنڈا دہرا رہے ہیں۔
نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے پُرعزم ہوں، اپنے اس عزم سے دستبردار نہیں ہوں گا نہ ہی پیچھے ہٹوں گا۔
Post Views: 5