شہری پر تشدد، اغواء اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
—جنگ فوٹو
اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے شہری پر تشدد، اغواء اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر انسانی اسمگلروں اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔
چھاپا مار کارروائیوں میں 2 انسانی اسمگلرز شاہد ندیم اور محمد کاشف کو گرفتار کیا گیا گیا ہے۔ ملزمان کو کراچی کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزم سادہ لوح شہریوں سے ویزا فراڈ کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔
ملزم شاہد ندیم نے نا صرف شہری کو کمبوڈیا ملازمت کا جھانسہ دے کر 7 لاکھ روپے بٹورے بلکہ دیگر ساتھیوں کی ملی بھگت سے متاثرہ کو 1600 امریکی ڈالر کے عوض فروخت بھی کر دیا۔
متاثرہ شخص کو بعدازاں کمبوڈیا میں سیف ہاؤس میں رکھ کر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔
دوسری جانب ملزم محمد کاشف نے 7 شہریوں کو آئرلینڈ ملازمت کا جھانسہ دے کر فی کس 10 لاکھ روپے کا معاہدہ کیا، دبئی پہنچنے پر مسافروں نے ایجنٹ کی جانب سے دیے گئے جعلی پاسپورٹ پر آئرلینڈ جانے کی کوشش جس پر مسافروں کو پاکستان ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا۔
ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر کراچی زون کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپا مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
ڈائریکٹر کراچی زون کے مطابق انٹیلی جنس بنیادوں پر انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: ملزمان کو میں ملوث گیا ہے
پڑھیں:
منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 4 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد
راولپنڈی:ملک میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 4 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی۔
اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 7 مختلف آپریشنز میں 8 ملزمان کو گرفتار کر لیا اور مجموعی طور پر 191.164 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جن کی مالیت 4 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسقط جانے والے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 1.648 کلوگرام چرس برآمد ہوئی۔ اسی طرح کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو جانے والے مسافر کے سامان میں چھپائی گئی 516 گرام ہیروئن قبضے میں لی گئی۔
علاوہ ازیں دالبندین چاغی کے قریب ایک ٹرک میں چھپائی گئی 120 کلوگرام افیون برآمد ہوئی، جس میں 3 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ بلوچستان، پشین روڈ کے قریب گاڑی میں چھپائی گئی 64 کلوگرام افیون پکڑی گئی، 1 ملزم گرفتار ہوا۔
اُدھر سخی سرور روڈ، ڈی جی خان کے قریب ایک ملزم سے 3 کلو چرس برآمد کی گئی جب کہ لاہور میں کارگو آفس کے ذریعے کراچی بھیجے جانے والے پارسل میں موجود 4 عدد جوتوں میں چھپائی گئی 1 کلو چرس برآمد ہوئی۔
علاوہ ازیں شیر شاہ ٹول پلازہ، ملتان کے قریب ایک ملزم سے 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔
اے این ایف نے گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔