عمرہ ویزے کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام، 16سالہ بچے سمیت 5مسافر آف لوڈ
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
اسلام آباد:
ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزے کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
ترجمان ایف آٗئی کے مطابق معراج خان، عثمان خان، اسد علی، مرتضیٰ علی اور 16 سالہ کم عمر بچے سمیت 5 مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا جو عمرے ویزے پر سعودی عرب جا رہے تھے۔
ملزمان نے سعودی عرب سے لیبیا اور بعد ازاں سمندر کے راستے اٹلی جانے کی کوشش کرنی تھی۔ ملزمان نے واجد خان اور فیصل خان نامی ایجنٹس سے معاہدے کیے تھے جبکہ ایجنٹوں کو فی کس 39 لاکھ روپے بھی ادا کیے گئے۔ تلاشی کے دوران ملزمان سے 2 مصری ویزے بھی برآمد ہوئے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کو باقی ویزے سعودی عرب میں سب ایجنٹس کے ذریعے فراہم کیے جانے تھے۔
ایف آئی اے امیگریشن حکام کی بروقت کارروائی نے انسانی اسمگلنگ کا نیٹ ورک بے نقاب کر دیا، ملزمان کو ایجنٹوں کی نشاندہی اور مزید تفتیش کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
انسانی اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انسانی اسمگلنگ
پڑھیں:
عمرہ زائرین کی بس حادثے کا شکار ہوگئی، 4 پاکستانی جاں بحق 9 زخمی
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 اپریل 2025ء ) سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جاں بحق 9 زخمی ہوگئے۔(جاری ہے)
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں بدر سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے عمرہ زائرین کی بس کو مدینہ منورہ کے قریب حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے، یہ افسوسناک حادثہ مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کی وجہ سے ہوا، جس کے نتیجے میں جاں بحق پاکستانی شہریوں کا تعلق چشتیاں کی سب تحصیل ڈاہرانوالہ اور فورٹ عباس ہارون آباد کے گردونواح علاقہ سے تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، عمرہ زائرین کا یہ گروپ چند روز قبل ڈاہرانوالا سے سعودی عرب روانہ ہوا تھا، تمام زائرین ڈاہرانوالہ کی نجی ٹریول ایجنسی کے ذریعے عمرہ کی سعادت کیلئے سعودی عرب گئے تھے، جاں بحق ہونے والی 1 خاتون کا تعلق 201 مراد سے ہے، 2 خواتین 228 نائن آر کی رہائشی تھیں اور 1 جاں بحق شخص کا تعلق 3/39 آر سے ہے جب کہ حادثے میں زخمی افراد کی تفصیل سامنے نہیں آسکی۔