انٹر بورڈ کمیٹی 2دن میں ختم کر کے نئی نہ بنائی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع ہوگا، منعم ظفر
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کی کمیٹی 2 دن میں ختم کرکے نئی کمیٹی تشکیل نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کردیں گے۔
انٹر سال اول کے حالیہ متنازع نتائج اور بے ضابطگیوں کے خلاف متاثرہ طلبہ و طالبات اور والدین کی جانب سے انٹر بورڈ آفس پر کیے گئے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نےمتنبہ کیا ہے کہ انٹر بورڈ کی بنائی گئی کرپٹ عناصر پر مشتمل کمیٹی 48گھنٹوں میں ختم کر کے سینئر اساتذہ، شہر کے اسٹیک ہولڈرز،کراچی چیمبر آف کامرس اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی نئی کمیٹی تشکیل نہ دی گئی تو اپنا آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کریں گے اور احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔
پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کے ہاتھوں انٹر ومیٹرک بورڈ ز،ثانوی تعلیمی ادارے اور جامعات تک محفوظ نہیں ہیں۔ کراچی کے طلبہ کی تعلیمی نسل کشی کی جارہی ہے۔جامعات کی خود مختاری پر حملہ کیا جارہا ہے،جماعت اسلامی کراچی کے طلبہ کے حق کے لیے ہر محاذ پر ان کا مقدمہ لڑے گی،اگر ضرورت پڑی تو وزیر اعلیٰ ہاؤس اور گورنر ہاؤس پر بھی احتجاج اور گھیراؤ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بتایا جائے گزشتہ سال این ای ڈی یونیورسٹی کے پروفیسر کی نگرانی میں بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کا کیا ہوا اور طلبہ و طالبات کے مستقبل سے جس طرح کھیلاگیاتھا اس کے ذمے داران کے خلاف کیا کاروائی ہوئی؟ خاتون ڈپٹی کنٹرولر ایگزامینیشن جو کمیٹی کے طلب کرنے پر پیش نہیں ہوئیں اور مفرور رہیں ان کو اس سال کنٹرولر ایگزامینیشن کیوں بنادیا گیا؟
امیر جماعت نے کہا کہ 12رکنی کمیٹی تو انٹر بورڈ کے ملازمین پر مشتمل ہے اس سے کس طرح کراچی کے طلبہ و طالبات کو انصاف مل سکتا ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ جامعات پر حکومتی کنڑول کے لیے اسمبلی سے بل منظور کروانا چاہتے ہیں اور یہ بل اسٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا ہے وہ چاہتے ہیں کہ کوئی بھی 21گریڈ کا افسر،4 سال کا تجربہ رکھنے والا بیوروکریٹ خواہ وہ پی ایچ ڈی بھی نہ ہوصرف ماسٹر ہو وہ میڈیکل یونیورسٹی کا سربراہ بن سکتا ہے، تعلیم کا مذاق اور کھلواڑ بنایا ہوا ہے۔
منعم ظفر خان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کو تعلیم کا بیڑا غرق نہیں کرنے دے گی۔تعلیم، تعلیمی اداروں اور جامعات کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے طلبہ و طالبات او ر والدین کا واضح اور دوٹوک مطالبہ اور مؤقف ہے کہ موجودہ کمیٹی ختم کر کے نئی کمیٹی بنائی جائے،5ہزار اسکروٹنی فارم جمع کرائے جاچکے ہیں،امتحانی کاپیوں کی ری چیکنگ طالب علموں کی موجودگی میں کی جائے۔ جماعت اسلامی نے ادارہ نورحق سمیت تمام اضلاع میں طلبہ ڈیسک قائم کردی ہیں،بڑی تعداد میں متاثرہ طلبہ و طالبات ہمارے پاس آرہے ہیں، ہم ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
مظاہرے سے ڈپٹی سیکرٹری کراچی و تعلیمی کمیٹی کے چیئرمین ابن الحسن ہاشمی،نارتھ ناظم آباد ٹاؤن کے چیئرمین عاطف علی،جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی کے نائب صدر عمران شاہد، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم آبش صدیقی،سیکرٹری کراچی جمعیت عمار بن یاسر،متاثرہ طلبہ و طالبات اور والدین نے بھی خطاب کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: کراچی کے طلبہ طلبہ و طالبات جماعت اسلامی کمیٹی کے نے کہا
پڑھیں:
اہل فلسطین سے اظہارِ یکجہتی، اسلامی جمعیت طلبہ کا خیبر پختونخوا میں یوم سیاہ
صوبائی ناظم اسفندیار عزت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا غزہ میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، عالم اسلام کے حکمران نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسلام ٹائمز۔ اہل فلسطین سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کیخلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے ملک بھر کیطرح خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات اور کالجز میں یوم سیاہ منایا۔ جامعہ عبدالولی خان سمیت باچا خان، ملاکنڈ، کوہاٹ، سوات، گومل، شہید بینظیر بھٹو شرینگل، ایبٹ آباد، ہری پور، ہزارہ اور چترال یونیورسٹیوں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں یکجہتی فلسطین ریلی سے صوبائی ناظم اسفندیار عزت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا غزہ میں اسرائیل کی پشت پناہی کر رہا ہے، عالم اسلام کے حکمران نہتے فلسطینیوں کی نسل کشی اور امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اہل غزہ اور فلسطین نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا۔57 اسلامی ممالک کی فوجیں جنہوں نے قبلہ اول کا تحفظ کرنا تھا آج وہ خاموشی کی تصویر بنے ہوئی ہیں، اس موقع پر ناظم کوہاٹ کلیم اللہ اور ناظم یونیورسٹی آفتاب احمد بھی موجود تھے۔
جامعہ ملاکنڈ میں یکجہتی فلسطین ریلی سٹار پوائنٹ سے شروع ہوکر مین اکیڈمک بلاک پر اختتام پزیر ہوئی، ریلی کی قیادت ناظم جامعہ معاز خان نے کی۔ سوات یونیورسٹی میں ریلی سے ناظم ڈویژن حمزہ رشید اور ناظم زون ضیاء شاہد نے خطاب کیا۔ جامعہ ایبٹ آباد کے تحت "غزہ مارچ" سے ناظم ہری پور یحییٰ حنیف نے خطاب کیا۔جامعہ عبدالولی خان مردان میں ریلی سے ناظم مردان فاروق محمد نے خطاب کیا۔ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اہل غزہ سے اظہارِ یکجتی کے لیے جہانزیب کالج سے نشاط چوک تک سٹوڈنٹس مارچ کا انعقاد کیا گیا۔سٹوڈنٹس مارچ سے امیر جماعت اسلامی شمالی عنایت اللہ خان اور ناظم مینگورہ ضیاء اللہ نظام نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی شمالی عنایت اللہ خان، نائب امیر جماعت اسلامی سوات اختر علی خانجی، حافظ اسرار احمد، ضیاءاللہ نظام اور دیگر مقررین نے کہا کہ آج مٹھی بھر اسرائیل نے ساٹھ ہزار سے زائد نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کو شہید کرکے بربریت کی انتہا کردی ہے لیکن امت مسلمہ کے حکمرانوں نے ان مظالم پر چشم پوشی اختیار کرکے بے حسی کی انتہاء کردی ہے۔
انہوں نے اس موقع پر امت مسلمہ کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کا دوٹوک جواب دیں اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ اسرائیل کو عالمی دہشت گرد امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے لیکن ڈیڑھ ارب مسلمان صرف تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ جامعہ ہزارہ کے زیر اہتمام یکجہتی فلسطین ریلی سے ناظم ڈویژن عمیر علی، ناظم جامعہ حافظ اسامہ اور سابق ناظم الیاس جبار نے بھی خطاب کیا۔ چترال یونیورسٹی میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی سے جنرل سیکرٹری بزم شاہین خیبر پختونخوا مستظہر بااللہ، ناظم چترال عمار بن اسد اور ناظم چترال حسین امین نے بھی خطاب کیا۔ اسلامی جمعیت طلبہ شرینگل یونیورسٹی کے زیر اہتمام غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ علاوہ ازیں رہائشی حلقوں واڑی، تیمرگرہ، دیر میں بھی یکجہتی فلسطین مظاہرے ہوئے۔ مظاہروں اور ریلیوں میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی۔ طلبہ نے تعلیمی اداروں میں کتبے اٹھا رکھے تھے، جن پر اہل فلسطین اور غزہ کے حق میں نعرے درج تھے۔