وزیراعظم کاغزہ میں جنگ بندی کے اعلان کاخیرمقدم
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے جس کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے اس معاہدے کو قابل عمل بنانے میں قطر، سعودی عرب، امریکہ، مصر اور دیگر ممالک کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ غزہ اور دوسرے جنگ زدہ علاقوں میں انسانی امداد کی فوری ترسیل انتہائی ضروری ہے۔
وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی معاہدے پر من و عن عملدرآمد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتا ہے اور گزشتہ کئی دہائیوں سے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جدوجہد میں اپنی جان و مال کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کیلئے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیراعظم شہباز شریف طیب اردوان کی دعوت پر ترکیہ پہنچ گئے
ANKARA:وزیراعظم شہباز شریف ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر دو روزہ دورے پر انقرہ پہنچ گئے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا ترک دارالحکومت انقرہ کے ہوائی اڈے پر ترک وزیر دفاع یشار گیو لر، ڈپٹی گورنر انقرہ ظفر اورحان، پاکستان ترکیہ کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر برہان قایاترک، پاکستان کے ترکیہ میں سفیر یوسف جنید، حکومت ترکیہ کے اعلیٰ حکام اور انقرہ میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں نے استقبال کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے اور بعد ازاں مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم ترک سرمایہ کاروں اور کاروباری وفود سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیے میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات ونشریات عطا اللہ تارڑ اور معان خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔