بلیو ایریا میں قائداعظم اور علامہ اقبال کی یادگار سے پورٹریٹ اکھاڑ دئیے گئے
اشاعت کی تاریخ: 16th, January 2025 GMT
اسلام آباد (وقائع نگار) وفاقی دارالحکومت کے مصروف علاقے بلیو ایریا میں قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تعمیر کی گئی یادگار سے ان کے پورٹریٹ اکھاڑ دئیے گئے۔ سی ڈی اے نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے تھانہ میں درخواست دے دی، یہ یادگار بلیو ایریا کے جی سکس، ایف سکس سیکشن میں تعمیر کی تھی۔ اس یاد گار کی دیکھ بھال کی ذمہ داری شعبہ انوائرمنٹ کی تھی، ترجمان سی ڈی اے شاہد کیانی نے نوائے وقت کو بتایا کہ معاملے کو سنجیدگی سے لیا گیا ہے۔ سی ڈی اے نے ذمہ داروں کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لئے تھانہ کوہسار میں درخواست دے دی گئی ہے اور جلد ہی قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی یادگار کو اصل حالت میں بحال کر دیا جائے گا۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
میر واعظ کا علامہ اقبال کو شاندار خراج عقیدت
حریت رہنما کا کہنا تھا کہ اقبال کا فلسفہ اللہ پر اٹل ایمان اور خود شناسی پر مبنی ہے۔ ایک ایسا تصور جو اندرونی مضبوطی، اخلاقی جرات اور روحانی بلندی کو تقویت پہنچاتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کو ان کی 87ویں برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں جدید مسلم دنیا کا عظیم مفکر اور بصیرت افروز رہنما قرار دیا۔ ذرائع کے مطابق میرواعظ نے سرینگر سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ علامہ اقبال کا پیغام جو قرآن پاک کے فلسفیانہ جوہر سے گہرائی سے جڑا ہوا ہے، نہ صرف برصغیر کے لوگوں کے لیے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے باعث تقویت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کا فلسفہ اللہ پر اٹل ایمان اور خود شناسی پر مبنی ہے۔ ایک ایسا تصور جو اندرونی مضبوطی، اخلاقی جرات اور روحانی بلندی کو تقویت پہنچاتا ہے۔ میرواعظ نے کہا کہ اقبال نے ہمدردی، محبت، رواداری اور عالمگیر انسانی اقدار کے نظریات پر مسلسل زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے مشکل دور میں اقبال کی تعلیمات پر غور و فکر کرنے، خاص طور پر ان کی خود شناسی، سچائی سے لگن، انسانیت کی خدمت اور قدرت کو گہرائی سے سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ دریں اثناء میر واعظ عمر فاروق نے ضلع رامبن میں بادل پھٹنے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکام پر زور دیا کہ وہ متاثرہ خاندانوں کی فوری امداد اور بحالی کو یقینی بنائیں۔ میر واعظ نے خطرات سے دوچار علاقوں میں رہنے والے لوگوں سے احتیاط برتنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔ انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے بھی ایک بیان میں رامبن میں بادل پھٹنے سے ہونے والے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔