فنکشنل لیگ کے تحت نجی کمپنی سے ملازمین کی برطرفی کیخلاف مظاہرہ
اشاعت کی تاریخ: 15th, January 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر)مسلم لیگ فنکشنل لیبر ونگ کراچی کے صدر سید ولی وارثی نے کہاہے کہ نجی موبائل کمپنی سے جبراً نکالے گئے800 ملازمین کو فوری بحال کیا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے زیر اہتمام کاٹی کے دفتر کے باہر مظاہرے میںکیا۔ مظاہرے میں جنرل سیکرٹری ملک صفدر نواز اعوان، صدر کورنگی تنویر چودھری اور صدر ضلع کورنگی لیبر ونگ منظور جانوری سمیت کثیر تعداد میں فنکشنل لیگ کے کارکنان اور مزدوروں نے شرکت کی۔ سید ولی وارثی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں مزدوروں کو حکومت سندھ کی جانب سے مقرر کی گئی کم سے کم تنخواہ 37 ہزار روپے نہیں دی جا رہی جو کہ غریب مزدوروں کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔ صدر کراچی زون لیبر ونگ سید ولی وارثی ودیگرنے پرزور مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی کم از کم تنخواہ اجرت 37 ہزار سے بڑھائی جائے اور اس پر عملدرآمد کو سندھ حکومت یقینی بنائے۔ اگر کسی مزدور کو اچانک ملازمت سے برطرف کیا گیا تو لیبر قوانین کے تحت اس کو 3 ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے۔ مزدوروں کی گروپ انشورنس کرائی جائے گی اورای او بی آئی کے کارڈ بناکر اس کی پینشن کو یقینی بنایا جائے گا۔ تاکہ جب ایک مزدور 25 سال یا اس سے زائد ایک فیکٹری کو دے تو اس کو عمر کے آخری حصہ میں حکومت پاکستان کے قانون کے مطابق اولڈ ایج بینیفٹ مل سکے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی: تیز رفتار آئل ٹینکر موٹر سائیکل سوار کو روند دیا
کورنگی صنعتی ایریا گودام چورنگی کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر کے ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر ٹینکر میں آتشزدگی کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پہنچی اور فائر برگیڈ کو بھی طلب کیا گیا جس پر فائر برگیڈ کی ایک گاڑی نے جائے وقوعہ پہنچ کر آگ پر قابو پایا جبکہ ٹینکر ڈرائیور نے پولیس کو جھوٹا بیان دیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔تاہم، پولیس نے مزید تفتیش کی تو ٹینکر ڈرائیور نے اپنا بیان تبدیل کرلیا۔
پولیس حکام کے مطابق ٹینکر ڈرائیور نے بیان تبدیل کرتے ہوئے بتایا کہ ٹینکر سے موٹر سائیکل کو ٹکر لگی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار شخص زخمی ہوا۔ جس کے بعد مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگادی اور جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
واقعے میں زخمی ہونے والے شہری 30 سالہ ریاض ولد بشیر کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا جبکہ پولیس نے آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹینکر بھی تحویل میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق زخمی کا بیان قلمبند کرنے کے بعد قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔