کویت میں شب معراج پر 3دن کی تعطیلات
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
کویت سٹی:کویت میں حکومت نے شب معراج کے سلسلے میں تعطیل کا اعلان کیا ہے اور 27 جنوری کی اس عام تعطیل کو 30 جنوری کو منتقل کرکے شہریوں کو آرام دہ ویک اینڈ فراہم کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق کویتی کابینہ نے شبِ اسرا و المعراج کے موقع پر عام تعطیل کو 27 جنوری (پیر) سے منتقل کرتے ہوئے 30 جنوری (جمعرات) کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو مذہبی تہوار کے ساتھ طویل ویک اینڈ (چھٹیاں منانے) کا موقع فراہم کرنا ہے۔
ان تعطیلات کا دورانیہ جمعرات 30 جنوری سے ہفتہ یکم فروری تک (تین دن) ہوگا۔
سرکاری بیان کے مطابق کویتی حکومت نے کہا ہے کہ یہ اقدام مذہبی تقریبات اور عوامی سہولت کے درمیان توازن پیدا کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
واضح رہے کہ شب معراج اسلام میں خاص اہمیت کا حامل واقعہ ہے، جب اللہ کے محبوب نبی اکرم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے مسجد الحرام سے مسجد اقصیٰ اور پھر وہاں سے آسمانوں تک کا سفر کیا تھا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پشاور پولیس کا انوکھا اقدام، شادی کی تقریب میں چھاپہ، دولہا گرفتار، مقدمہ درج
پشاور:پشاور پولیس نے چمکنی کے علاقے میں ایک شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ پر کارروائی کرتے ہوئے انوکھا قدم اٹھایا اور دولہے کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق شادی کی خوشی میں دولہا اپنے دوستوں کے ہمراہ ہوائی فائرنگ کر رہا تھا جس پر مقامی پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے تقریب پر چھاپہ مارا اور دولہے کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ انسانی جانوں کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس عمل کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ ایسے واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔
گرفتار ہونے والے دولہے کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ سے اجتناب کریں۔