وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم کردی ہے، میاں زاہدحسین
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جنوری2025ء)نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولزفورم وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، ایف پی سی سی ائی پالیسی ایڈوائزری بورڈ کے چیئرمین اورسابق صوبائی وزیرمیاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان کی سفارتی تنہائی ختم کردی ہے۔ سابقہ حکومت کی غلط پالیسیوں اورسستی شہرت کی خواہش نے نہ صرف معیشت کوبرباد بلکہ پاکستان کواقوام عالم میں تنہا کردیا تھا، مگروزیراعظم اور ان کی ٹیم اس چیلنج سے بخوبی عہدہ براہ ہوئے ہیں جولائق تحسین ہے۔
میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے ایک سال سے کم عرصہ میں معاشی، سیاسی اورسفارتی محاز پرزبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں جس نے عوام میں ملکی مستقبل پر اعتماد پیدا کر دیا ہے اوراب اقوام عالم میں پاکستان کوایک ناکام ملک کے بجائے ترقی پذیر ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کی زراعت، صنعت، برامدات ترسیلات زر اور زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔(جاری ہے)
میاں زاہد حسین نے کہا کہ ایس ائی ایف سی بہترین کام کر رہی ہے اور اس سال کاٹن کی فصل مارچ کی بجائے فروری میں کاشت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جس سے پاکستان کو پانچ ارب ڈالر کی اضافی آمدن کا امکان ہے موجودہ حکومت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے علاوہ زبردست اصلاحات بھی کی ہیں اورملک کواسکی تاریخ کے سب سے بڑے بحران سے نکالنے کا سہرا بھی انہی کے سرہے۔ ملک کوڈیفالٹ سے نکال کرترقی کے راستے پرڈالنا کوئی معمولی کارنامہ نہیں ہے۔ وزیراعظم اب بھی مطمئن نہیں ہیں اوروہ اڑان پاکستان اور دیگر منصوبوں کی مدد سے ملک کی معاشی تاریخ بدلنے کی کوشش کر رہے ہیں جس سے عوام کو سکھ کا سانس مل سکے گا۔ ماضی کی غلط پالیسیوں اورسفارتی آداب سے نا واقفیت کی وجہ سے پاکستان نہ صرف اسلامی ممالک میں تنہا ہوگیا تھا بلکہ چین امریکہ اور یورپی یونین سے بھی معاملات بگڑگئے تھے۔ اگر یہی صورتحال کچھ عرصہ اورجاری رہتی اتوملک دیوالیہ ہوچکا ہوتا اورخانہ جنگی کا شکاربھی ہوچکا ہوتا۔ حکومت کی سرتوڑکوششوں سے ملکی حالات تیزی سے بہترہورہے ہیں، عوام اورکاروباری برادری پرامید ہوچکے ہیں، ملکی تاریخ میں پہلی بارمتوازن افغان پالیسی اختیارکی جا چکی ہے، پی آئی اے کوتباہ وبرباد کرنے کی سازش ناکام بنائی جا چکی ہے جس سے ملک کواربوں ڈالرکا نقصان پہنچا اوراب پی آئی اے کی پروازیں یورپ جا رہی ہیں۔ میاں زاہد حسین نے مزید کہا کہ شرح سود مسلسل کم ہورہی ہے، کرنٹ اکانٹ خسارہ ختم ہو گیا ہے، جی ڈی پی پیداوار، برآمدات اورترسیلات کی صورتحال بتدریج بہترہورہی ہے اورزرمبادلہ کے ذخائربڑھ رہے ہیں۔ پاکستان میں ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ کے قوی امکانات ہیں جبکہ ایران سے نہ صرف تعلقات بہترہورہے ہیں بلکہ نئی بارڈرکراسنگ بھی کھول دی گئی ہے جس سے اسمگلنگ میں کمی ہوگی اورقانونی تجارت بڑھے گی جس سے حکومت کی آمدن اورعوام کے روزگار میں اضافہ ہوگا۔.ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے میاں زاہد حسین نے
پڑھیں:
پاکستان نے سہ ملکی بابا گرو نانک کبڈی ٹورنامنٹ جیت لیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستان نے سہ ملکی بابا گرو نانک کبڈی ٹورنامنٹ جیت لیا ،ٹورنامنٹ میں پاکستان ،ایران اور بھارت کی کبڈی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ واپڈا سپورٹس کمپلیکس فیروز پور روڈ پر پاکستان اور ایران کی کبڈی ٹیموں کے مابین فائنل میچ ہوا ۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین فائنل میچ کے مہمان خصوصی تھے ۔
فائنل میچ میں پاکستان کی کبڈی ٹیم نے ایران کی کبڈی ٹیم کو شکست دی۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے جیتنے والی ٹیم کے کپتان کو ٹرافی دی اور کامیابی پر مبارکباد دی ۔ ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 20لاکھ روپے ،رنراپ ٹیم کو 15لاکھ اور تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم کو 10لاکھ روپے دئیے گئے ۔
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر وصوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کبڈی فیڈریشن نے سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا ہے ۔
سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ کے بعد کبڈی کا ورلڈ کپ بھی کرائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیموں کا مشکور ہوں جنہوں نے ٹورنامنٹ میں شرکت کی۔ انڈیاکی کبڈی ٹیم کی کچھ انجریز ہوئی جس پر افسوس ہے ۔بھارت کی کبڈی ٹیم کودوبارہ بلائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری ظہورالٰہی شہید نے پہلی بار اپنے خرچے پر کبڈی ٹیم کینیڈا بھجوائی ۔
میں جب کبڈی فیڈریشن کا صدر بنا تو کبڈی کا ورلڈ کپ کرایا جو پاکستان نے جیتا۔ آئندہ دوبئی میں کبڈی کا ورلڈ کپ کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ قومی کبڈی ٹیم کوکینڈابھی بھجوا یا جارھا ہے جو وہاں انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کرے گی ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد کریں گے ،سپورٹس کی سرگرمیاں ممالک کو آپس میں جوڑتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کبڈی پاکستان کی ثقافتی پہچان سہ ملکی کبڈی ٹورنامنٹ پاکستان ،ایران اور بھارت کے مابین دوستی ،بھائی چارے اور امن کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے ۔
ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر ،سیکریٹری جنرل پاکستان کبڈی فیڈریشن رانا محمد سرور اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔عوام کی بڑی تعداد فائنل میچ سے لطف اندوز ہوئی ۔ کبڈی کے کھیل کے فروغ کیلئے دوبئی کی حکومت نے چوہدری شافع حسین کو خصوصی میڈل دیا ۔