Express News:
2025-04-22@10:00:31 GMT

’’تلخیوں کا بھاری بستہ‘‘

اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT

کیا آپ کے خیال میں بہت زیادہ سوچنا ٹھیک ہے؟ یہ بات بہرکیف درست ہے کہ زیادہ سوچنا  ہماری خوشیوں کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

زیادہ سوچنا صرف دباؤ، بے چینی اور غم کا سبب بنتا ہے۔ یہ ایک ایسا گھومتا پہیا ہے، جو آپ کو سوائے پریشانی کے کچھ نہیں دے سکتا، اس لیے آپ کو چاہیے کہ اس کے بہ جائے اس لمحے کا لطف اٹھائیں، زیادہ سوچنے والے اکثر اپنے دماغ ہی میں پھنسے رہتے ہیں، پچھلے واقعات کو اپنے ذہن میں دُہرا کر یا آنے والے واقعات کی پیشں گوئی کرتے رہتے ہیں۔

وہ حقیقت میں موجودہ لمحات میں نہیں جیتے۔ اس لیے کوشش کریں کہ جیسے آپ نے زیادہ سوچنا سیکھا، ویسے ہی آپ اسے چھوڑ بھی تو سکتے ہیں۔ اپنے ذہن پر توجہ دیں اس کی پرکھ کریں۔ ذہن سازی ایک ایسا طاقت وَر آلہ ہے، جو زیادہ سوچنے سے نمٹنے میں مدد کرتا ہے۔ یہ آپ کو موجودہ لمحے میں واپس لاتا ہے اور آپ کو یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ آپ کے خیالات حقیقت نہیں ہیں۔

منفی سوچ بھی ایک ایسی عادت ہے، جو آپ کی خوشی کو چھین سکتی ہے، جو لوگ مثبت رویہ اپناتے ہیں، وہ زیادہ مطمئن اور خوش رہتے ہیں۔

 

یہ کہنا نہیں ہے کہ وہ زندگی کی مشکلات کو نظرانداز کرتے ہیں، لیکن وہ ان کا سامنا مثبت طریقے سے کرتے ہیں۔ اب یہ بھی نہیں کہ آپ کو ہمیشہ مثبت رہنا چاہیے، بس آپ کو ہر صورت میں چمک دار اور روشن پہلو تلاش کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ زندگی کو مسکراتے ہوئے گزارنے کی کوشش کریں۔ آپ کی مسکراہٹ بہت کچھ بدل سکتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ہماری زندگی کے بارے میں مثبت رویہ ہماری خوشی پر نمایاں اثر ڈالتا ہے۔

ہمیں یہ بات تسلیم کرنی چاہیے کہ زندگی میں ہم سب غلطیاں کرتے ہیں، یہ دنیا کے معمول کا ایک حصہ ہے، لیکن اب دیکھنا ہے کہ ہم ان غلطیوں سے کس طرح نمٹتے ہیں۔ میں نے دیکھا ہے کہ بہت سے لوگ اپنی ناکامیوں اور نقائص پر بہت زیادہ تنقید کرتے ہیں۔ ہر غلطی یا ناکامی پر اپنے آپ کو مسلسل ملامت کرتے رہتے ہیں۔

 

بلکہ کوشش کریں کہ اپنی غلطی سدھاریں، نہ کہ خود کو ملامت کریں۔ اپنے آپ کے ساتھ وہی مہربانی کیا کریں، جو آپ اپنے قریب ترین دوست کے ساتھ کرتے ہیں۔ آئیے، خود پر ترس نہ کھائیے، بلکہ مثبت ہمدردی کریں، اپنے آپ کو نئی ہمت دیں اور اپنی غلطیوں کو بغیر کسی فیصلے کے تسلیم کریں۔

کیا آپ نے کبھی اپنے آپ کو ماضی کے بارے میں پچھتاتے یا مستقبل کے بارے میں فکر کرتے ہوئے پایا ہے؟ یہ ایک عام عادت ہے، جو ہم میں سے بہت سے لوگوں میںپائی جاتی ہے، لیکن یہ ہماری خوشی کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ کسی نے کیا خوب کہا ہے’’ماضی میں نہ رہو، مستقبل کے بارے میں خواب نہ دیکھو، اپنے دماغ کو موجودہ لمحے پر مرکوز کرو!‘‘ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی زندگی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر توجہ مرکوز کرنا۔ یہ آپ کے ماضی کو تسلیم کرنے، اپنے مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرنے، لیکن موجودہ لمحے میں جینے کے بارے میں ہے۔

انسان کی فطرت ہے کہ وہ تکلیف سے بچنا چاہتا ہے۔خوشی کی طرف ایک اہم قدم یہ ہے کہ ہم تکلیف کا سامنا کرنا سیکھیں، چاہے وہ ایک مشکل گفتگو ہو، ایک سخت ورزش ہو، یا کسی قسم کے کٹھن جذبات کا سامنا ہو، جس سے ہم بچنا چاہ رہے ہوں۔

تلخیوں یا ماضی کے دردوں کو سینے میں بٹھانا ایک ایسا بھاری بستہ لے جانے کے مترادف ہے، جسے آپ ہر جگہ ساتھ لے جاتے ہیں۔ یہ آپ کو غیر ضروری طور پر وقت سے پہلے ہی بوجھل کر دیتا ہے اور آپ کو حقیقی خوشی کا تجربہ کرنے سے روکتا ہے۔ آئیے ہم ماضی کی تلخیوں کو ترک کرنے کا فیصلہ کریں۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ جو کچھ ہوا اسے بھول جائیں، بلکہ یہ ہے کہ آپ تلخی کے بوجھ سے آزاد ہونے کی کوشش کریں۔

 زندگی کو اتنا سنجیدہ لینا بھی ٹھیک نہیں کہ آپ موجودہ خوشیوں کو نظر انداز کر دیں۔ زندگی سے لطف اٹھانے کا سادہ اور عملی طریقہ یہ ہے کہ آپ تفریح کے لیے وقت نکالیں۔ چاہے یہ دوستوں کے ساتھ ہو یا اپنے خاندان کے ساتھ، یا اپنے کسی پالتو جانور کے ساتھ کھیلنا ہو یا کسی پرسکون جگہ پر بیٹھ کر اپنی پسند کی کتاب پڑھنا ہو۔ لہٰذا، اپنے لیے نئے سال کی خوشیوں کو خوش آمدید کہیے اور پرسکون ماحول میں ان سے لطف اٹھایے۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: کے بارے میں کوشش کریں ہے کہ ا پ کرتے ہیں اپنے ا پ کے ساتھ

پڑھیں:

ڈیتھ بیڈ

ٹام کی زندگی شان دار تھی‘ اﷲ تعالیٰ نے اس کی زبان میں تاثیر رکھی تھی‘ وہ جس سے بات کرتا تھا‘ وہ اپنااکاؤنٹ اس کی کمپنی کے حوالے کر دیتا تھا‘ ٹام روز کمپنی کے سرمائے میں ایک دو ملین ڈالر کا اضافہ کر تا تھا‘ کمپنی اس سے خوش تھی اور وہ کمپنی سے بہت خوش تھا۔ 

ٹام کا لنچ فائیو اسٹار فرنچ‘ اٹالین اور مراکو ریستورانوں میں ہوتا تھا‘ لنچ کا بل کمپنی ادا کرتی تھی‘ کمپنی نے اس کے دوسرے اخراجات بھی اٹھا رکھے تھے‘ گاڑی کمپنی نے دی‘ مین ہیٹن میں تین بیڈ روم کا فلیٹ بھی کمپنی نے دیا تھا‘ وہ کمپنی کا جیٹ اور ہیلی کاپٹر بھی استعمال کرتا تھا‘ کمپنی فرسٹ کلاس فضائی ٹکٹ بھی دیتی تھی‘ تنخواہ بھی چھ ہندسوں میں تھی اور ٹام کے پورے خاندان کی میڈیکل انشورنس بھی کمپنی کے ذمے تھی۔ 

شام چھ بجے اس کی ذاتی مصروفیات شروع ہو جاتی تھیں‘ وہ کلب جاتا تھا‘ وہاں نئے دوست بناتا تھا‘ یہ نئے دوست آنے والے دنوں میں اس کے کلائنٹ بنتے تھے‘ وہ ڈنر بھی فائیو اسٹار ہوٹل میں کسی فائیو اسٹار بزنس مین کے ساتھ کرتا تھا‘ دس بجے کے بعد وہ کسی اعلیٰ درجے کے پب یا رقص گاہ میں چلا جاتا تھا‘ وہ دو گھنٹے وہاں رہتا تھا‘ بارہ بجے واپس آتا تھا تو اس کی بیگم اور تینوں بچے سو چکے ہوتے تھے‘ وہ بھی آڑھا ترچھا ہو کر لیٹ جاتا تھا‘ اگلی صبح آٹھ بجے پھر کام شروع ہو جاتا تھا۔ 

یہ سلسلہ جمعہ تک چلتا تھا‘ وہ جمعہ کی شام کمپنی کا جیٹ جہاز لے کر نیویارک سے باہر چلا جاتا تھا‘ کبھی شکاگو‘ کبھی آرلینڈو‘ کبھی میامی‘ کبھی سان فرانسسکو اور کبھی ہونولولو۔ وہ مہینے میں ایک بار یورپ‘ مڈل ایسٹ یا مشرق بعید کا چکر بھی لگا تا تھا‘ مارتھا اس کی بیوی یورپ اور فارایسٹ کی وزٹس میں اس کے ساتھ ہوتی تھی‘ یہ اس کے معمولات تھے‘ اﷲ نے جوانی ہی میں اسے نعمتوں سے نواز دیا تھا‘ پیسہ تھا‘ دوست تھے‘ توانائی تھی‘ فیملی تھی اور نصف درجن کریڈٹ کارڈ ۔ ٹام کی زندگی شاندار تھی لیکن پھر اسکو نظر لگ گئی۔

 ٹام ایک صبح اٹھا تو اس کا سر بھاری تھا‘ اس نے اس بھاری پن کو رات کی شراب نوشی کے کھاتے میں ڈال دیا‘ اس نے ’’ہینگ اوور‘‘ سمجھ کر اپنا سر جھٹک دیا مگر وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ بھاری پن درد بن گیا‘ وہ ڈاکٹر کے پاس گیا‘ ڈاکٹر نے اسے درد کش گولیاں دیں اور گھر بھجوا دیا لیکن درد میں افاقہ نہ ہوا‘ وہ رات بے چینی اور بے آرامی میں گزری‘ وہ اگلی صبح دوبارہ ڈاکٹر کے پاس گیا۔ 

ڈاکٹر نے خون چیک کرانے کا مشورہ دیا‘ وہ لیبارٹری چلا گیا‘ بلڈ رپورٹس آئیں توڈاکٹر نے خون کے مزید دو نمونے لیے اور یہ دو مختلف لیبارٹریوں میں بھجوا دیے‘ ہفتے بعد رپورٹس آ گئیں‘ تینوں لیبارٹریوں کی رپورٹ ایک جیسی تھیں‘ ڈاکٹر نے اس سے مزید دو دن مانگے اور اسکی رپورٹس ملک کے تین بڑے اسپیشلسٹس کو بھجوادیں‘ تینوں کا ایک ہی جواب تھا‘ معجزے کے علاوہ مریض کا کوئی علاج نہیں‘پھر ڈاکٹر نے اسے بلایا‘ کرسی پر بٹھایا‘ پانی کا گلاس اسکے ہاتھ میں دیا اور سرجھکا کر بولا ’’ٹام تمہارے پاس صرف تین ماہ ہیں‘‘۔

ٹام کے طوطے اڑ گئے‘ اس نے گھبرا کر پوچھا ’’کیا مطلب؟‘‘ ڈاکٹر نے بتایا ’’تم بلڈ کینسر کی آخری اسٹیج پر ہو‘ اس اسٹیج کا معجزے کے سوا کوئی علاج نہیں ہوتا‘ تمہارے پاس اب دو آپشن ہیں‘ تم یہ تین مہینے مختلف ڈاکٹروں اور مختلف اسپتالوں کا چکر لگا کر گزار دو یا پھر ان تین ماہ کو اپنی زندگی کے بہترین دن رات بنا لو‘ چوائس از یورز‘‘۔

یہ لفظ بم تھے اور ان بموں نے ٹام کی بنیادیں ہلا دیں‘ وہ اٹھا اور چپ چاپ باہر نکل گیا‘ وہ دماغی طور پر غائب ہو چکا تھا‘ وہ آنکھوں سے دیکھ رہا تھا لیکن اسے نظر کچھ نہیں آ رہا تھا‘ وہ کانوں سے سن رہا تھا لیکن اسے سنائی کچھ نہیں دے رہا تھا اور وہ چل رہا تھا لیکن اس کے قدم نہیں اٹھ رہے تھے‘ وہ دس منٹ میں کامیاب لوگوں کی فہرست سے ناکام ترین لوگوں میں شامل ہو چکا تھا‘ وہ چلتا رہا‘ صبح تک پیدل چلتا رہا‘ اگلے دن کے سورج نے آنکھ کھولی تو ٹام کی آنکھ بھی کھل گئی۔ 

وہ بیخودی میں چلتے چلتے نیویارک سے باہر آ گیا‘ وہ نیویارک کے مضافات کا چھوٹا سا گاؤں تھا اور وہ گاؤں کی مصنوعی جھیل کے کنارے کھڑا تھا‘ اس نے جھرجھری لی‘ ایک لمبا سانس لیا‘ اپنی ٹائی کھولی‘ اوورکوٹ کی جیب سے میڈیکل رپورٹس نکالیں‘ پھاڑیں‘ ڈسٹ بین میں پھینکیں اور ڈیتھ بیڈ کے تین ماہ کو آئیڈیل بنانے کا فیصلہ کر لیا‘ فیصلے کے اس لمحے نے ٹام کی زندگی بدل دی۔

ٹام روز آسمان دیکھتا تھا‘ وہ زندگی میں سیکڑوں جھیلوں کے کناروں پر گیا‘ اس نے زندگی میں ہزاروں پھول بھی دیکھے اور اس نے کم وبیش اتنے ہی پرندوں کی آوازیں بھی سنی تھیں لیکن فیصلے کے اس ایک لمحے نے ان تمام آوازوں‘ پھولوں‘ جھیلوں اور آسمانوں کا رنگ بدل دیا‘ آسمان‘ جھیل‘ پھول اور آوازیں‘ کائنات کی ہر چیز خاص ہو گئی۔

اس کے حلق میں چالیس برس سے درج ذائقے زندہ ہو گئے‘ وہ ماں کے دودھ سے پچھلی رات کی شراب تک ہر نگلی چکھی چیز کا ذائقہ محسوس کرنے لگا‘ وہ چالیس برس سے گھروں کی چمنیاں اور ان چمنیوں سے ابلتا دھواں دیکھ رہا تھا لیکن دھوئیں میں تین رنگ ہوتے ہیں‘ یہ اسے زندگی میں پہلی بار معلوم ہوا‘ وہ روز سانس لیتا آیا تھا‘ اس کے پھیپھڑے روزانہ سکڑتے اور پھیلتے تھے لیکن اس نے ہوا کے ذائقے‘ ہوا کی خوشبو کو پہلی بار محسوس کیا تھا۔ 

شبنم جب پاؤں کے نیچے کچلی جاتی ہے تو وہ ایک خاص آواز میں احتجاج کرتی ہے‘ شبنم کا وہ احتجاج بھی اس نے زندگی میں پہلی بار محسوس کیا‘ آبی پرندے جب جھیل سے جدا ہوتے ہیں تو یہ جھیل کو بوندوں کی سلامی پیش کرتے ہیں‘ جدائی کی یہ سلامی بھی اس نے پہلی بار محسوس کی‘ وہ ہمیشہ فراری اور لیموزین میں سفر کرتا تھا۔ 

وہ طویل عرصے بعد بس اور ٹرین میں سوار ہوا‘اس نے پہلی بار ٹرین کی ٹک ٹک ٹھک ٹھک محسوس کی‘ وہ بچپن سے کافی پی رہا تھا لیکن کافی کا ذائقہ اسے پہلی بار محسوس ہوا‘ ہوا میں نمی بھی ہوتی ہے‘ اس کا احساس اسے پہلی بار ہوا‘ چلتے ہوئے قدموں کی آواز میں ایک ردھم‘ ایک موسیقی ہوتی ہے‘ یہ بھی اسے پہلی بار محسوس ہوا اور موبائل فون‘ نیوز چینلز‘ مہنگی گاڑیاں اورتعلقات یہ دنیا کی واہیات ترین چیزیں ہیں۔

یہ بھی اسے پہلی بار پتا چلا‘ وہ گھر پہنچا‘ اس نے بچوں کے چہرے دیکھے‘ اپنے کتے جیری کو غور سے دیکھااور بیوی کو نظر بھر کر دیکھا تو معلوم ہوا اصل خوشی تو یہ ہیں‘ اس نے اپنے بینک اکاؤنٹس دیکھے‘ کریڈٹ کارڈ کے بل پڑھے اور قسطوں پر خریدی چیزوں کا ڈیٹا دیکھا تو پتا چلا وہ آج تک بینکوں‘ پراپرٹی ڈیلروں اور الیکٹرانکس بنانے والی کمپنیوں کے لیے پیسہ کماتا رہا تھا‘ اسے زندگی میں پہلی بار اپنے لان میں کھلے پھول اور میز پر پڑے سنگترے کی خوشبو محسوس ہوئی‘ اسے پہلی بار اپنی وارڈروب کے کپڑے اور جوتے اضافی لگے اور اسے گھر کی گراسری فضول خرچی محسوس ہوئی ۔

ٹام کی زندگی کا اگلادن بظاہر موت کی طرف ایک اور قدم تھا لیکن عملاً وہ اس کی زندگی کا پہلا دن تھا‘ اس نے زندگی کے اس پہلے دن جاب سے استعفیٰ دے دیا‘ کریڈٹ کارڈ توڑ کر ٹوکری میں پھینک دیے‘ بینک میں پڑی ساری دولت نکال لی‘ آدھی پر اپرٹی بیچ کر آدھی کی قسطیں ادا کر دیں‘پراپرٹی کو کرائے پر چڑھا دیا‘ بچوں کو اسکول سے چھٹی کرائی اور فیملی کو ساتھ لے کر لانگ ہالیڈیز پر نکل گیا۔ 

اس نے اپنے تمام مخالفوں‘ تمام دشمنوں سے اپنے رویے کی معافی مانگ لی اور وہ لوگ جنھوں نے اس کا دل دکھایا تھا‘ ان سب کو صدق دل سے معاف کر دیا‘ اس نے وہ سو کتابیں بھی خرید لیں جنھیں وہ زندگی میں پڑھنا چاہتا تھا‘ ٹام نے اس دن ہر ملنے والے کو مسکرا کر ملنا شروع کر دیا‘ سوری اور تھینک یو اس کا تکیہ کلام بن گیا تھا۔

وہ لوگوں کو کم اور فیملی اور دوستوں کو زیادہ وقت دینے لگا‘ وہ شام ساڑھے سات بجے ڈنر کرنے لگا‘ وہ نو بجے سو جاتا تھا‘ ساڑھے چار بجے اٹھ جاتا تھا اور صبح تین گھنٹے جنگلوں‘ جھیلوں اور پارکوں میں گھومتا تھا‘ موبائل اس نے بند کر دیا‘ فلمیں وہ دیکھنے اور میوزک سننے لگا‘ ٹام کی اس نئی زندگی نے ٹام کو بتایا‘ اصل زندگی تو ڈیتھ بیڈ کی زندگی ہے‘ہم انسان تو اس وقت جینا شروع کرتے ہیں جب ہم اپنی موت کا دن معلوم کر لیتے ہیں‘ ہمیں اس وقت معلوم ہوتا ہے‘ ہم انسان جسے زندگی سمجھتے ہیں‘ وہ دراصل مرے ہوئے بے جان دن ہوتے ہیں اور جسے ہم موت سمجھتے ہیں وہ اصل زندگی کا آغاز ہوتا ہے۔

ٹام نے اپنی زندگی کے شاندار دن ڈیتھ بیڈ پر گزارے‘ اصل زندگی کے اصل دن لیکن ہم یہ اصل زندگی کب شروع کرینگے؟ اس دن جب ہمیں بھی ڈاکٹر یہ بتائے گا ’’آپ کے پاس صرف ایک مہینہ بچا ہے‘‘۔

متعلقہ مضامین

  • رہنما مسلم لیگ ق خواجہ رمیض حسن کی وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن بیرسٹر امجد ملک سے ملاقات
  • Rich Dad -- Poor Dad
  • ب فارم کیلئے نادرا دفتر جانے کی ضرورت نہیں،گھر بیٹھے بنوائیں
  • ریاست اپنی جگہ لیکن کسی کی زندگی سےکھیلناقابل قبول نہیں:عظمیٰ بخاری
  • بھارت، مدھیہ پردیش میں بڑھتی ہوئی ہندو مسلم کشیدگی، فورسز کی بھاری نفری تعینات
  • ب فارم کیلئے نادرا دفتر جانے کا جھنجھٹ ختم
  • خلیل الرحمٰن پاکستان سے مایوس، بھارت کیلئے کام کریں گے؟
  • چین کی بحری، لاجسٹکس اور جہاز سازی کے شعبوں کو ہدف بنانے کے امریکی اقدامات کی سخت مخالفت
  • ڈیتھ بیڈ
  •  دو ریاستی حل ہم کبھی بھی اسرائیل کو قبول ہی نہیں کرتے، فخر عباس نقوی