لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ، فائر ٹورنیڈو کی خوفناک منظر کشی
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
LOS ANGELES:
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں جنگلاتی آگ نے شدید تباہی مچادی ہے، جس کے دوران فائر ٹورنیڈوز (آگ کے بگولے) کے خوفناک مناظر بھی دیکھنے کو ملے ہیں۔
یہ آتش کے بگولے، جنہیں 'فائر ٹورنیڈو' یا 'فائروِہرل' کہا جاتا ہے، شدید گرم ہوا، آگ اور راکھ کے اجتماع سے پیدا ہوتے ہیں، جو ایک دائرے کی شکل میں حرکت کرتے ہوئے اوپر کی جانب اٹھتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق فائر ٹورنیڈو کا قطر چند فٹ سے لے کر ایک سو فٹ تک ہو سکتا ہے، اور یہ آتشزدگی کے دوران مزید ہوا کو اپنی جانب کھینچتے ہوئے آگ کو اور زیادہ بھڑکا سکتے ہیں۔
لاس اینجلس میں منگل سے شروع ہونے والی یہ تاریخ کی بدترین جنگلاتی آگ اب تک قابو سے باہر ہے، جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ مزید 13 افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کا عمل جاری ہے۔
آگ کی شدت کے باعث 12,000 سے زائد مکانات اور عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں اور تقریباً 2 لاکھ افراد کو نقل مکانی پر مجبور کیا گیا ہے۔ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں، جس میں 12,000 سے زائد فائر فائٹرز، 1,100 سے زیادہ فائر انجن، 60 طیارے اور 143 واٹر ٹینکر شامل ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
عمرہ زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار، 5 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق،متعدد زخمی
سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار، 5 پاکستانی عمرہ زائرین جاں بحق ہوگئے۔ جس میں 3 خواتین اور 2 مرد زائرین شامل ہیں۔ سعودی عرب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق عمرہ زائرین کی بس البدر سے مدینہ منورہ جاتے ہوئے ٹرالر سے ٹکرا کر حادثےکا شکار ہوئی۔ بس میں سوار 3 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق جب کہ متعدد عمرہ زائرین زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے، زخمیوں میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ جاں بحق زائرین کا تعلق پاکستان سے ہے۔ ان میں سے دو خواتین کا تعلق ضلع بہاولنگر کے گاؤں 228 نائن آر سے جب کہ تیسری خاتون بہاولنگر کے نواحی گاؤں 201 مراد کی رہائشی تھیں۔ جاں بحق مرد حضرات میں ایک بزرگ نواحی گاؤں 39 تھری آر جب کہ دوسرے بزرگ کا تعلق ڈاہرنوالہ شہر سے بتایا جا رہا ہے۔