ٹیکسوں پر دہری حکومتی پالیسی
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ زیادہ ٹیکس پاکستان کو چلنے نہیں دیں گے، ٹیکس نظام کاروبار میں بھی رکاوٹ ہے۔ بجلی کی قیمتیں کم کریں گے اور عوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ تقریب 2024 میں دنیا میں دوسری بہترین کارکردگی کی حامل پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اعزاز ملنے پر منعقد ہوئی۔ ملک کی موجودہ صورتحال میں واقعی اعزاز کی بات ہے کہ حکومت کی ٹیکسوں کی سخت پالیسیوں کے باوجود اسٹاک ایکسچینج نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس پر وزیر اعظم نے مبارک باد بھی پیش کی اور اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور اپنے خطاب میں تسلیم بھی کیا کہ زیادہ ٹیکس پاکستان کو چلنے نہیں دیں گے مگر ہمیں آئی ایم ایف کے ساتھ کیے گئے وعدے بھی پورے کرنے ہیں ملک بھی چلانا ہے۔
انھوں نے تسلیم کیا کہ ایک دہائی میں سرکاری اداروں کی وجہ سے ملک کو کھربوں روپے کا جو نقصان ہوا ہے، اس پر رونے کا فائدہ نہیں اور حکومتی کوششوں سے معیشت دوبارہ اپنے پیروں پرکھڑی ہو رہی ہے اور ملک میں مہنگائی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ مہنگائی میں کمی کی بات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں اور نہ جانے کس نے حکومت کو یہ باورکرا دیا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی ہوئی ہے۔ پی پی کے چیئرمین اور حکومتی پالیسیوں سے ناراض حکومتی اتحادی بلاول بھٹو بھی ان بیانات کو نہیں مان رہے اور پوچھ رہے ہیں کہ مہنگائی کہاں کم ہوئی ہے۔
لگتا ہے کہ حکومت کے نزدیک مہنگائی کا صرف ججوں اور اسمبلیوں کے ارکان کو سامنا ہے غریبوں کو نہیں اسی لیے ملک کے غریبوں کے بجائے ججز اور ارکان اسمبلی کو بڑا ریلیف دیا گیا ہے اور ان کی تنخواہیں اور مراعات لاکھوں روپے فی کس بڑھائی گئی ہیں اور غریبوں کو کوئی ریلیف دیا گیا نہ مہنگائی عملی طور پر کم کی گئی بلکہ مہنگائی بڑھانے کے لیے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی و گیس کی قیمتیں کم کرنے کے بجائے مسلسل بڑھائی جا رہی ہیں جس سے مہنگائی بڑھ رہی ہے اور کم نہیں ہو رہی مگر حکومت کو مہنگائی میں کمی نظر آ رہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
وزیر اعظم تسلیم بھی کر رہے ہیں کہ بجلی و گیس کی قیمتیں کم نہیں زیادہ ہیں جنھیں حکومت کم کرنے کی کوشش کرے گی مگر عملی طور ایسا ہو نہیں رہا۔ سردیوں میں بجلی کی کھپت قدرتی طور پر کم ہوتی ہے تو حکومت ترغیب دے رہی ہے کہ سردیوں میں گیزر اور ہیٹر گیس کے بجائے بجلی پر چلائیں کیونکہ حکومت نے بجلی کی طلب بڑھانے کے لیے سردیوں میں بجلی کی قیمتیں کچھ کم کی ہیں جو پھر بھی 26 روپے فی یونٹ ہیں جو پہلے ہی زیادہ ہیں اور لوگ مجبوری ہی میں حکومتی بات مان رہے ہیں کیونکہ سردیوں میں گیس نہیں تو بجلی استعمال کر کے ہی وہ اپنی ضرورت پوری کر رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت آئی ایم ایف کو بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس میں کمی پر رضامند کرنے میں ناکام رہی ہے اور اس نے موجودہ کریڈٹ پیکیج میں متعلقہ ٹیکس شرح میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور آیندہ کی پیکیج قسط کی ادائیگی بھی کیپٹیو پاور پلانٹ شعبے میں لیوی لگانے سے مشروط کردی ہے اور بجلی پر سیلز ٹیکس میں کمی کی حکومتی تجویز مسترد کردی ہے۔
حیرت ہے کہ حکومت اپنے حکومتی اخراجات کے لیے آئی ایم ایف سے اس کی اپنی سخت شرائط پر قرضوں پر قرضے لیے جا رہی ہے اور آئی ایم ایف کی ہر شرط پر عمل کی پابند ہے تو آئی ایم ایف حکومت کی تجویزکیوں مانے گا کہ وہ حکومت کو بجلی میں سیلز ٹیکس کم کرنے کی اجازت دے دے گا۔
حکومت عوام کو آسرے میں رکھ کر آئی ایم ایف سے کمی کی اجازت مانگتی ہے اور حکومتی درخواست مسترد ہونے پر کہہ دیا جاتا ہے کہ آئی ایم ایف نہیں مان رہا حکومت کمی نہ کرنے پر مجبور ہے اور ملک میں معاشی ترقی کے لیے سب کے ساتھ مل بیٹھنے کو تیار اور موثر حکومتی پالیسیوں سے اقتصادی استحکام آیا تو وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے۔
یہ بات ویسی ہے کہ نہ نو من تیل ہوگا نہ رادھا ناچے گی۔ حکومت اپنے اخراجات کم کرنے کے بجائے مسلسل بڑھا رہی ہے اور وفاقی وزیر خزانہ دکھاؤے کا بیان دے دیتے ہیں کہ حکومتی اخراجات کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ اس سلسلے میں حکومت وزارت خزانہ کی نہیں سنتی اور ججز اور ارکان اسمبلی کو من مانی مراعات دے کر اپنے اخراجات بڑھا دیتی ہے اور اب کابینہ میں توسیع کی باتیں ہو رہی ہیں جس پر سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کا رائٹ سائزنگ کا اقدام قابل مذمت اورکابینہ میں توسیع بلاجواز ہے۔
موجودہ حکومت مسلسل دہری پالیسیوں پر چل رہی ہے اور ٹیکسوں میں صرف دکھاؤے کے لیے کمی کی باتیں کی جاتی ہیں اور ٹیکس مزید بڑھا دیا جاتا ہے۔ بجلی جوگھریلو استعمال میں آتی ہے اس پر حکومت نے سیلز ٹیکس و مزید ٹیکس لگا کر بجلی بے حد مہنگی خود کر رکھی ہے اور کمی نہ کرنے کا جواز آئی ایم ایف کا انکار بن جاتا ہے۔ وزارت خزانہ کا زور ٹیکسوں کی وصولی سے زیادہ نئے ٹیکس دینے والوں پر ہے جس سے ٹیکس وصولی بڑھی ہے تو ایف بی آر میں کرپشن بھی بڑھی ہے اور حکومت نے مفادات کے لیے تنخواہیں اور مراعات بڑھا کر زائد آمدنی ٹھکانے لگا دی اور عوام کو کچھ دیا نہ مہنگائی کم کی۔
پنجاب اور سندھ حکومتوں نے بھی آمدنی بڑھانے کے لیے ٹیکس بڑھا دیے جس سے پراپرٹی کا کام بری طرح متاثر ہوا جس سے عوام پلاٹ خریدنے کے بھی قابل نہیں رہے اورکروڑوں کرائے کے گھروں میں رہنے والے افراد کے لیے ہر سال کرائے بڑھ جاتے ہیں مگر بے گھروں کی کسی کو فکر نہیں صرف ڈرامے ہوتے ہیں جیسے پی ٹی آئی حکومت نے ایک کروڑ گھر بنا کر دینے کا اعلان کیا تھا ہوا کچھ نہیں۔ ٹیکسوں پر حکومت دہری پالیسی پر چل رہی ہے صرف دکھاؤے کے لیے بیانات دیے جاتے ہیں اور مختلف بہانوں سے ٹیکس بڑھا دیے جاتے ہیں جس کا رونا تاجر اور صنعتکار بھی رو رہے ہیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مہنگائی میں کمی اسٹاک ایکسچینج آئی ایم ایف ہے کہ حکومت سردیوں میں رہی ہے اور کی قیمتیں سیلز ٹیکس کے بجائے حکومت نے رہے ہیں کرنے کی ہیں اور بجلی کی کی بات کمی کی کے لیے
پڑھیں:
اراکین اسمبلی کو اجلاس میں شرکت کا سخت پیغام غلطی سے پی ٹی آئی رکن کو بھی ارسال
لاہور:پنجاب اسمبلی میں میاں نواز شریف کینسر اسپتال کے قیام سے متعلق بل کی منظوری کا عمل کل پیر کے روز اس وقت تعطل کا شکار ہو گیا جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک رکن اسمبلی کی جانب سے کورم کی نشاندہی کی گئی۔
کورم کی گنتی پر یہ بات سامنے آئی کہ اجلاس میں حکومتی بینچز سے مطلوبہ تعداد میں اراکین موجود نہیں تھے، جس کے بعد اسپیکر نے اجلاس کو 22 اپریل (منگل) تک ملتوی کر دیا۔
مزید پڑھیں: ایران میں 8 پاکستانیوں کے قتل کیخلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع
ذرائع کے مطابق کورم مکمل نہ ہونے پر وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے فوری نوٹس لیا گیا، اور تمام حکومتی اراکین اسمبلی کو آئندہ اجلاس میں ہر صورت شرکت یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) کو ہدایات دی گئیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع کے حکومتی اراکین اسمبلی کو پیغامات اور فون کالز کے ذریعے اجلاس میں شرکت کے لیے متحرک کریں۔
مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی جعلی بھرتی کیس میں پرویز الہٰی کی حاضری معافی کی درخواست دائر
اسی دوران ایک ضلع کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے غلطی سے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی کو بھی اجلاس میں شرکت کا پیغام ارسال کر دیا گیا۔
غلطی سے بھیجا گیا یہ پیغام ایکسپریس نیوز کو موصول ہو گیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومتی سطح پر کورم پورا کرنے کے لیے انتظامی مشینری کو بھی متحرک کر دیا گیا ہے۔