شام میں معروف شیف کی مسجد میں مفت کھانے کی تقسیم؛ بھگدڑ میں 4 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
دہائیوں سے جنگ زدہ ملک شام کے دارالحکومت دمشق میں پریشان حال شہریوں کی مشکلات میں کمی نہیں ہوسکی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے معروف سوشل میڈیا انفلونسر اور شیف نے دمشق کی عظیم اموی مسجد میں شہریوں کو مفت کھانا کھانے کی دعوت دی تھی۔
یوٹیوبر شیف ابو عمر نے اس سے قبل اموی مسجد میں مفت کھانے کی تقسیم کی تیاریوں کی ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی تھی۔
اس اعلان کے باعث مسجد کے باہر تک سیکڑوں کی تعداد میں لوگ وہاں پہنچ گئے۔ بد انتظامی کے باعث ہجوم بے قابو ہوگیا اور بھگدڑ مچ گئی۔
افراتفری اور بھگدڑ مچ جانے کے باعث چار افراد قدموں تلے کچل کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
امدادی کاموں کے دوران درجنوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 6 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دمشق کے گورنر مہر مروان نے بتایا کہ ہجوم کے کچلے جانے کا واقعہ مسجد کے باہر پیش آیا۔ مسجد میں موجود افراد محفوظ رہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں مسجد کے قریب ندی سے انسانی سر برآمد، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں
ڈاکس تھانے کے علاقے مچھر کالونی اللہ والی مسجد کے قریب ندی سے ایک انسانی سر ملا ہے جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے ڈاکس تھانے منتقل کر دیا گیا۔ ایس ایچ او ڈاکس نند لال نے بتایا کہ ملنے والی سر کی عمر 35 سے 40 سال معلوم ہوتی ہے اور فوری طور پر سر کی شناخت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل گلشن اقبال تھانے کے علاقے گلشن اقبال بلاک 5 پوسٹ آفس کے قریب ایک انسانی دھڑ ملا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نالے سے ملنے والے سر اور گلشن اقبال سے ملنے والے دھڑ کا ڈی این اے کروایا جائے گا تاکہ معلوم ہو سکے کہ ملنے والا سر اور دھڑ ایک ہی انسان کا ہے یا الگ الگ انسانوں کے ہیں۔ پولیس اس حوالے سے مزید تفتیش کر رہی ہے۔