چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا قذافی سٹیڈیم کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
لاہور : چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے لاہور کے قذافی سٹیڈیم کا اچانک دورہ کیا اور سٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مرکزی عمارت کے فنشنگ کے کاموں کا معائنہ کیا اور اس کام کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ محسن نقوی نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ ڈرینج کے کام کو بھی طے شدہ مدت میں مکمل کیا جائے گا اور سٹیڈیم رواں ماہ جدید سہولتوں سے آراستہ ہو کر مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے تحت سٹیڈیم کی تعمیر نو پر تیزی سے کام جاری ہے۔
محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ شائقین کرکٹ کے لیے نئی کرسیاں، ایل ای ڈی لائٹس اور سکور سکرینز کی تنصیب کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ، شائقین میچ کے دوران لیزر لائٹ شو کا بھی لطف اٹھا سکیں گے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کو ایک یادگار ایونٹ بنانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
.ذریعہ: Nai Baat
کلیدی لفظ: محسن نقوی نے
پڑھیں:
ورلڈ کپ کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم بھارت نہیں جائے گی: محسن نقوی
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔
قذافی اسٹیڈیم میں خواتین کرکٹ ٹیم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمنز ٹیم معاہدے کے مطابق بھارت نہیں جائے گی۔ بھارت میزبان ہے، وہ فیصلہ کرے گا کہ میچ کہاں منعقد کیے جائیں۔
انہوں نے پاکستان کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم بھارت کے علاوہ کسی بھی نیوٹرل جگہ پر مقابلہ کرنے کو تیار ہے۔
یہ بیان دو طرفہ کرکٹ تعلقات پر جاری کشیدگی کے درمیان سامنے آیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت نے 19 فروری سے 9 مارچ تک شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پاکستان جانے سے انکار کردیا تھا اور اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلے تھے جو اس سے قبل 2023 کے ایشیا کپ میں استعمال کیا گیا تھا۔
کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد دونوں بورڈز نے ڈیڈ لاک کو حل کرنے کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر اتفاق کیا۔ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق یہ ماڈل بھارت کو پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس کے لیے نیوٹرل مقامات پر کھیلنے کی اجازت دیتا ہے۔
اس معاہدے کا اطلاق 2025 میں پاکستان میں ہونے والی مینز چیمپئنز ٹرافی، 2025 میں بھارت میں ہونے والے ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ اور 2026 میں بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے مینز ٹی 20 ورلڈ کپ پر ہوگا۔