مریم نواز کی ملاقات کی جعلی ویڈیو بنانے والے 5 افراد ایف آئی اے کی گرفت میں
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
اسلام آباد:
ایف آئی اے نے مریم نواز کی شیخ محمد بن زاید کے ساتھ ملاقات کی جعلی ویڈیو بنانے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے ساتھ ملاقات کی آرٹیفیشل انٹیلیجنس (اے آئی) سے تیار کردہ جعلی ویڈیو بنانے اور سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل نے فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ اور ملتان سے ملزمان کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق، اس کارروائی کے دوران مزید گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور تحقیقات کا دائرہ بڑھایا جا رہا ہے۔ ملزمان کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی شاہد شریف کی شکایت پر فیصل آباد میں انکوائری نمبر 169 کے تحت شروع کی گئی تھی، جس کے بعد ملزم شہزاد منور کے خلاف مقدمہ نمبر 7/24 درج کیا گیا۔
ملزم شہزاد منور غیر ملکیوں کے خلاف اے آئی کے ذریعے تیار کردہ توہین آمیز مواد کو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے میں ملوث ہے۔
تحقیقات کے مطابق، اس جعلی ویڈیو کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین سفارتی تعلقات کو خراب کرنا تھا، جس میں پاکستانی معززین اور سیاسی کارکنان کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔
ایف آئی اے نے اس اے آئی مواد کی تخلیق اور اس کی وائرلنگ سے متعلق تیکنیکی رپورٹ حاصل کر لی ہے، جس کے ذریعے ملزمان کی شناخت اور کارروائی کو مزید واضح کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کے خلاف مزید شواہد کی بنیاد پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایف آئی اے کے خلاف
پڑھیں:
بکریاں چورے کرنے والا ملزم گرفتار، ویڈیو بھی سامنے آگئی
راولپنڈی:چکلالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بکریاں چوری کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت علی حسنین کے نام سے ہوئی، چوری شدہ بکریوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم 01 لاکھ 20 ہزار روپے برآمد کر لی گئی۔
واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضہ پولیس میں لی گئی، ملزم چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب تھا۔
چکلالہ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز سمیت تمام ذرائع بروئے کارلاتے ہوئے مجرم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی کا کہنا تھا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا، شہریوں کو قیمتی اثاثے سے محروم کرنے والے افراد قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔