میرپورخاص: نہریں نکالنے کے خلاف مختلف جماعتوں کا بیداری مارچ
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
میرپورخاص: مختلف اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے
میرپورخاص (نمائندہ جسارت) دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کے خلاف مختلف جماعتوں کی جانب سے حیدرآباد سے میرپورخاص تک بیداری مارچ اور پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا گیا۔ احتجاج میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی، مسلم لیگ فنگشنل، جی ڈی اے میں شامل جماعتیں، پی ٹی آئی، قومی عوامی تحریک، جماعت اسلامی، وکلاء، تاجروں و دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ سے 6 نئی نہریں نکالنے کے فیصلے کے خلاف حیدرآباد سے میرپورخاص پریس کلب تک بیداری مارچ نکالا گیا اور پریس کلب کے سامنے احتجاج اور دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنماؤں سید زین شاہ، ڈاکٹر صفدر عباسی، ایاز لطیف پلیجو، حلیم عادل شیخ، فاروق جٹ، میر خادم تالپور، حافظ طاہر نوید، شکیل احمد فہیم و دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ دریائے سندھ سے 6 نئی نہریں نکالنے سے پنجاب کی 60 لاکھ زمین آباد ہو گی، سندھ میں پہلے ہی وارہ بندی اور لاکھوں ایکڑ زمین پہلے ہی غیر آباد ہے، 6 نئی نہریں نکالنے کا فیصلہ پاکستان اور سندھ کے خلاف سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کے بعد نئی نہریں نکالنے کا فیصلہ سندھ پر دوسرا وار ہے، پہلے ہم نے کالا باغ ڈیم بنانے کا منصوبہ ناکام بنایا تھا، اب نئی نہریں نکالنے کا منصوبہ بھی ناکام بنائیں گے۔ سندھ کے عوام کو دیوار سے نہ لگایا جائے، سندھ نے پاکستان بنایا تھا، سندھ اگر تباہ ہوا تو پاکستان کی سالمیت بھی خطرے میں پڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف زرداری نے دریائے سندھ سے نئی نہریں نکالنے کی غیر قانونی منظوری دی اور اس کے لیے بجٹ بھی رکھا، دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے سے سمندر مزید زمینوں کو کھوکھلا کر دے گا اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان کینال سسٹم فیز ون کا مطلب ہے کہ دوسرے فیز میں مزید کینال بنائے جائیں گے، تاہم پہلے فیز میں ایک ڈیم بھی بنایا جا رہا ہے جہاں سے پانی لیا جائے گا اور اس ایک سسٹم پر 36 لاکھ ایکڑ زمین آباد ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں کہ ان نہروں میں سیلابی پانی چھوڑا جائے گا لیکن دوسری طرف کہتے ہیں کہ یہ کینال بارہ مہینے چلیں گی۔ نئی نہر سے کوٹری بیراج، سکھر بیراج اور گڈو بیراج کی 36 لاکھ ایکڑ رقبہ متاثر ہو گا، پانی کی کمی کے باعث مغربی جانب کے 28 دیہات سمندر میں ڈوب چکے ہیں، مزید زمین سمندر میں ڈوب جائے گی اور لاکھوں لوگ بے گھر ہو جائیں گے۔ اس موقع پر مبارک مہر، آفتاب قریشی، فاروق لغاری، لالا اظہر پٹھان، نقاش مرہ اور دیگر بھی موجود تھے، بیداری مارچ کے شرکاء مختلف چھوٹے بڑے شہروں سے ہوتے ہوئے عمرکوٹ پہنچے گے جہاں جلسے سے دریائے سندھ بچاؤ تحریک کے مرکزی رہنما خطاب کریں گے۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: نئی نہریں نکالنے نہریں نکالنے کے انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ سے کے خلاف
پڑھیں:
جے یو آئی بلوچستان کا فلسطین کے حق میں ملین مارچ نکالنے کا اعلان
جے یو آئی بلوچستان کے قائدین نے اعلان کیا کہ 15 مئی کو کوئٹہ میں فلسطینی عوام کی حمایت میں ملین مارچ نکالیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام بلوچستان نے کوئٹہ میں فسلطینی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ملین مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں جے یو آئی بلوچستان کے صوبائی مجلس عاملہ کے غیرمعمولی اجلاس میں فلسطین میں اسرائیلی درندگی اور خونریزی پر شدید رنج و غم اور اضطراب کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ 15 مئی 2025 کو کوئٹہ میں "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" کا انعقاد کیا جائے گا، تاکہ دنیا کو یہ گواہی دی جائے کہ بلوچستان کے غیور فرزند مظلوم فلسطینی بھائیوں کی نصرت اور قبلہ اول کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر میدان عمل میں موجود ہیں۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ یہ عظیم مارچ دنیا کو یہ پیغام دے گا کہ اسلام کا رشتہ سرحدوں یا نسلوں کا نہیں بلکہ ایمان، اخوت اور مظلوموں کی حمایت کا رشتہ ہے۔ آج پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ اسرائیل نہتے معصوم بچوں اور بے قصور شہریوں پر بم برسا کر اپنی سفاکیت اور اخلاقی شکستگی کا بدترین مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی درندگی اور بربریت حق و باطل کے اس معرکے میں اس کی یقینی شکست کا پیش خیمہ ہے۔ امریکہ کی کھلی پشت پناہی نے بھی دنیا پر یہ حقیقت آشکار کر دی ہے کہ امریکہ اب صرف خونریزی، جبر اور سامراجیت کا نمائندہ بن چکا ہے۔ امن، انسانی حقوق اور جمہوریت کے تمام دعوے محض فریب، جھوٹ اور مکاری ثابت ہو چکے ہیں۔ آج امریکہ کے لئے انسانی حقوق کا علًمبردار کہلانا شرم کا مقام بن چکا ہے۔