بھارت: بے اولاد خاتون کو حاملہ بنائیں، 5 لاکھ حاصل کریں: فراڈ میں ملوث گینگ گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
بہار پولیس نے فراڈ کا انوکھا طریقہ اپنا کر لوگوں کو لوٹنے والے گینگ کو گرفتار کرلیا، اسکیم میں ملوث لوگ بے اولاد خواتین کو حاملہ بنانے کے بدلے میں مردوں کو 5 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کرتے تھے۔
بھارتی خبر رساں ادارے انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق بہار پولس نے اس گینگ کے خلاف کارروائی کی اور ضلع نوادہ سے 3 لوگوں پرنس راج، بھولا کمار اور راہول کمار کو رفتار کرلیا۔
فراڈ میں ملوث ملزمان 'آل انڈیا پریگننٹ جاب (بچوں کی پیدائش سروس)' اور 'پلے بوائے سروس' جیسے پروگراموں کی آڑ میں دھندہ چلا رہے تھے اور فون کال کے ذریعے لوگوں کو لالچ دے کر پیسے بٹور رہے تھے۔
پولیس کے مطابق دھوکہ باز مختلف ریاستوں کے لوگوں کو فون یا واٹس ایپ کے ذریعے رابطہ کرتے تھے اور بتاتے تھے کہ ان کا کام ایسی خواتین کو حاملہ کرنا ہے جو بچہ پیدا کرنے سے قاصر ہیں اور اس کے بدلے میں 5 لاکھ روپے دینے کا وعدہ کیا، وہ پروسیجر کی ناکامی کی صورت میں اضافی 50 ہزار روپے دینے کی جھوٹی یقین دہانی بھی کراتے تھے۔
متاثرین کی جانب سے دلچسپی ظاہر کرنے کے بعد گروہ 500 روپے سے لے کر 20 ہزار روپے تک آن لائن رجسٹریشن فیس کا مطالبہ کرتا تھا۔
گرفتار ملزمان لوگوں کو پھنسانے کے لیے سرگرم تھے، پولیس نے گرفتار افراد کے قبضے سے 6 اسمارٹ فونز ضبط کرلیے۔
کال ریکارڈ، واٹس ایپ فوٹوز، آڈیو ریکارڈنگ اور ٹرانزیکشن کی تفصیلات سمیت مجرمانہ شواہد حاصل کرنے کے بعد پولیس نے گینگ کے پورے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
زمین کی خرید و فروخت کے بہانے ملزمان نے 60سالہ خاتون کو قتل کر دیا
راولپنڈی:تھانہ روات کے علاقے میں مسلح کار سواروں نے فائرنگ کرکے 60 سالہ خاتون کو قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مسماتہ مسرت بی بی پراپرٹی کا کاروبار بھی کرتی تھی اور اراضی و پراپرٹی کی بھی مالکن تھی، تین مرد اور ایک خاتون نے مقتولہ کو فارم ہاؤس خریدنے کے لیے سائٹ دکھانے کا کہہ رکھا تھا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق مقتولہ کے ملزمان کے ساتھ زمین کی خرید و فروخت کے سلسلہ میں روابط تھے۔ مقتولہ مسرت بی بی اپنے گھر سے ملزمان کے ساتھ زمین دکھانے آئی تھیں کہ چک بیلی روڈ پر ملزمان نے فائرنگ کر کے قتل کیا۔
ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ لاعش کو پوسٹمارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر لی اور ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ واقعے کی اطلاع پر سینئر افسران موقع پر پہنچ گئے، جائے وقوعہ سے شواہد حاصل کیے جا رہے ہیں۔
ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کے مطابق واقعے کی تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔