پنجاب، مختلف موٹرویز پر دھند کی شدت معمول سے زیادہ
اشاعت کی تاریخ: 11th, January 2025 GMT
پنجاب کے مختلف موٹرویز پر دھند کی شدت معمول سے زیادہ ہوگئی، ایم 2 لاہور اسلام آباد شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد نے بتایا کہ ایم 3 لاہور سے جڑانوالہ تک دھند کی وجہ سے بند ہے، گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر راہولی، گکھڑ، وزیر آباد سے گجرات تک شدید دھند ہے۔
گوجرانوالا ایکسپریس وے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے، جہلم، حافظ آباد اور گردونواح میں شدید دھند کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ترجمان موٹر وے سید عمران احمد نے کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صبح 10 سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں، ڈرائیور حضرات آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کریں، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان موٹروے نے ڈرائیورز سے اپیل کی ہے کہ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں جبکہ معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک شہر میں دھند کی شدت برقرار رہے گی، کل شہر میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔
.ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: دھند کی
پڑھیں:
عبدالعلیم خان کا سندھ میں ایم 6 اور ایم 9 موٹرویز کو رواں سال شروع کرنے کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سندھ میں 2 ارب ڈالر مالیت کی ایم 6 اور ایم 9 موٹرویز کو رواں سال شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) سینٹرل زون کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ میں دو ارب ڈالر مالیت کی ایم سکس اور ایم نائن موٹرویز کو اسی سال شروع کریں گے۔
وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مانسہرہ ، ناران اور کاغان موٹروے کو بھی اسی سال شروع کرنا چاہتے ہیں جبکہ سندھ میں سکھر ، حیدرآباد اور کراچی موٹروے کے منصوبے کا آغاز ہو رہا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلوچستان میں کوئٹہ سے کراچی این 25 کو موٹروے کی طرز پر فور لین بنانے کا کام شروع کر دیا ۔
ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے کی پریزینٹیشن کو معیاری اور با مقصد ہونا چاہئے اور منصوبوں کو ٹائم لائن میں مکمل کریں گے جبکہ ان پر عملدرآمد کی نگرانی کیلئے ہر 15 دن بعد اجلاس ہو گا۔
عبدالعلیم خان نے وفاقی وزیر مواصلات کی این ایچ اے سینٹرل زون کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور شہروں میں داخلی راستوں کو خوبصورت اور دلکش بنانے کی کی بھی ہدایت کی ۔
وفاقی وزیر مواصلات نے این ایچ اے ہیڈ کوارٹر میں پودا لگایا اور حکام کو رنگ روڈ اتھارٹی سے مشترکہ اجلاس کی بھی ہدایت کی۔