ترکیہ شام پر قبضے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا، ھاکان فیدان
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
اپنی ایک پریس بریفنگ میں تُرک وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سال 2025ء میں شام سے دہشتگردی کا خاتمہ ترکیہ کی او٘لین ترجیح ہے۔ اسلام ٹائمز۔ دمشق پر باغیوں کے تسلط کے بعد ترکیہ کے بعض مغربی اتحادی یہ کہنا شروع ہو گئے ہیں کہ انقرہ نے شام کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ حال ہی میں امریکی صدر "ڈونلڈ ٹرامپ" نے کہا کہ ترکیہ دو ہزار سالوں سے مختلف حیلوں سے شام کے در پے تھا اور جو لوگ شام میں موجود ہیں وہ ترکیہ ہی سے آئے ہیں۔ نو منتخب امریکی صدر کہہ چکے ہیں کہ شام میں ہونے والی پیشرفت پر نگاہ کی جائے تو پتہ چلتا ہے کہ "رجب طیب اردگان" نہایت شاطر آدمی ہے۔ انہوں نے مختلف شکلوں و ناموں سے اپنے لوگوں کو شام بھیجا اور وہاں کا کنٹرول سنبھال لیا۔ جس پر تُرک وزیر خارجہ "ھاکان فیدان" نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کا شام پر قبضے کا کوئی ارادہ نہیں۔
ھاکان فیدان نے ان خیالات کا اظہار آج صحافیوں کے ساتھ استنبول میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025ء میں شام سے دہشت گردی کا خاتمہ ترکیہ کی او٘لین ترجیح ہے۔ ھاکان فیدان کی جانب سے شام پر قبضے کی نفی کے بیانات ایسے وقت میں سامنے آ رہے ہیں جب وہ "بشار الاسد" کی حکومت کے خاتمے اور باغیوں کے شام پر تسلط کے بعد 22 دسمبر 2024ء کو دمشق جا چکے ہیں۔ اس دوران وہاں ان کی ملاقات "النصرہ فرنٹ" کے سابق سربراہ "ابو محمد الجولانی" سے انجام پائی۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ ترکیہ کے حالیہ وزیر خارجہ اس منصب پر فائز ہونے سے پہلے ترکیہ کی انٹیلیجنس ایجنسی "میت" کے سربراہ رہ چکے ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
بھارت کے جابرانہ قبضے کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر میں خونریزی کا سلسلہ جاری ہے
بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیریوں کو دیے گئے حق خودارادیت سے مسلسل انکار کر رہا ہے اور مودی حکومت کا فوجی طرز عمل علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بھارت کے جابرانہ قبضے، نسل پرستی اور ظلم و بربریت کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قتل و غارت اورخونریزی کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں گزشتہ کئی دہائیوں سے زیر التواء تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں بھارت کی ہٹ دھرمی سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ بھارت کے سخت موقف نے کشمیر کو جنوبی ایشیا میں ایک جوہری فلیش پوائنٹ بنا دیا ہے کیونکہ غیر ملکی قبضے کے تحت جموں و کشمیر میں بین الاقوامی قوانین کی منظم خلاف ورزیاں مسلسل جاری ہیں۔ بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیریوں کو دیے گئے حق خودارادیت سے مسلسل انکار کر رہا ہے اور مودی حکومت کا فوجی طرز عمل علاقائی امن کے لیے سنگین خطرہ ہے اور پورے جنوبی ایشیا میں عدم استحکام کو بڑھا رہا ہے۔ عالمی طاقتوں کو دیرپا علاقائی امن کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل میں مدد کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کرنی چاہیے اور بھارت سے واضح طور پر کہنا چاہیے کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اقوام متحدہ میں کیے گئے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔ دنیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی کے غیر قانونی اور اشتعال انگیز اقدامات کا فوری نوٹس لینا چاہیے اور اقوام متحدہ کو تنازعہ کشمیر کو اپنی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔