یونین آف جرنلسٹس کا صحافیوں کو سہولیات دینے کا مطالبہ
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (ورکرز) کے مرکزی سینئر نائب صدر ناصر شیخ نے کہا ہے کہ تعلقہ اور تحصیل کی سطح پر کام کرنے والے صحافیوں کو بھی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں، ان کے ایکریڈیشن کارڈ کے علاوہ ہیلتھ ، ریلوے کارڈ دیے جائیں، صحافی معاشرے کا آئینہ ہیں، ان کی محنت اور جدوجہد کے نتیجے میں عوامی مسائل حل کرنے میں مدد ملتی ہے۔ وہ ایچ یو جے (ورکرز) کے عرفان آرائیں، جنرل سیکرٹری امجد اسلام اور دیگر کے ہمراہ ٹنڈوآدم پریس کلب کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد کیلیے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں نے سماجی ناانصافیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں، اس وقت پاکستان میں صحافی انتہائی نامساعد حالات سے دوچار ہے، انہیں نہ تو جانی اور نہ ہی مالی تحفظ حاصل ہے، اس کے باوجود ملک بھر کے صحافی اور بالخصوص سندھ کے پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے جس طرح عوامی مسائل کو اُجاگر کیا ہے وہ قابل ذکر ہے، پی ایف یو جے ورکرز سندھ سمیت ملک کے کونے کونے میں موجود صحافیوں کے حقوق اور انہیں بنیادی سہولیات کے حوالے سے عملی جدوجہد کر رہی ہے، سندھ کے صحافیوں کے مسائل پر مشتمل تحریری یادداشت جلد وزیرا طلاعات، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی انفارمیشن سمیت دیگر اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائیں گی۔ ایچ یو جے ورکرزکے عرفان آرائیں اور امجد اسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے چھوٹے شہروں کے صحافیوں کو ہر سطح پر نظر انداز کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے ان میں احساس محرومی پیدا ہو رہا ہے جس کا تدراک کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ بھر میں تحصیل و تعلقہ کی سطح پر صحافیوں کو منظم کرکے ان کے حقوق کی جدوجہد کو آگے بڑھارہے ہیں۔ اس موقع پر ٹنڈوآدم پریس کلب کے صدر شیراز سموں، نائب صدر حاجی خان سولنگی، جنرل سیکرٹری جاوید مصطفی، جوائنٹ سیکرٹری عاشق حسین، آفس سیکرٹری رانا سلمان اور دیگر کو پی ایف یو جے ورکرز اور ایچ یو جے ورکرز کے عہدیداروں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک اور ہار پہنائے، بعد ازاں پی ایف یو جے ورکرز کے رہنمائوں نے ٹنڈوآدم یونین آف جرنلسٹس ورکرز کے دفتر کا دورہ کیا اور وہاں یونین کے عہدیداروں سے صحافیوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے گفتگو کی۔ بعد ازاں ٹنڈوآدم یونین آف جرنلسٹس ورکر کے صدر ممتاز حسین، جنرل سیکرٹری خالد خاصخیلی، سینئر صحافی ریاض حسین سنجرانی اور دیگر نے یونین کے حوالے سے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔
.ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: یو جے ورکرز
پڑھیں:
پاکستان میں کون اتنا طاقتور ہے جو صحافیوں کو اسرائیل بھیج رہا ہے:حافظ نعیم الرحمن
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے غزہ ملین مارچ سے خطاب کرتے ہوئے حکمرانوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آج کے ملین مارچ نے ثابت کر دیا ہے کہ حکمران سوئے ہوئے ہیں جبکہ عوام جاگ چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کی حمایت میں یہ مارچ حکمرانوں کی مسلمانوں کو سلانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کی واضح علامت ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پاکستان اور افواج پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کے مسلمانوں کی آواز سنیں اور اس مسئلے پر فوراً اقدام کریں۔انہوں نے کہا کہ پوری امت مسلمہ ایک طرف اور صرف پاکستان ایک طرف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت اسے امت مسلمہ میں ممتاز بناتی ہے، اور اس کا کردار عالمی سطح پر بے حد اہم ہے.انہوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کے بیانات یاد دلاتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان نے اسرائیل کو برطانیہ کی ناجائز اولاد قرار دیا تھا اور لیاقت علی خان نے اسرائیل کو کبھی تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔حافظ نعیم الرحمن نے پاکستان کے حکمرانوں سے سوال کیا کہ پاکستان میں کون اتنا طاقتور ہے جو صحافیوں کو اسرائیل بھیج رہا ہے؟انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اپنی آزادی کے لیے لڑنا حماس کا حق ہے۔حافظ نعیم نے حکومت اور اپوزیشن کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں فلسطین کے مسئلے پر خاموش ہیں اور دونوں امریکہ کے غلام ہیں۔انہوں نے پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے فلسطین اور کشمیر پر متحد ہونے کی اپیل کی اور کہا کہ فلسطین ہمارے لیے سیاسی ایمان کا مسئلہ ہے۔انہوں نے غزہ کے حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کا ڈھیر بنادیا گیا ہے اور آج فلسطینی بچوں کو دفنانے کے لیے بھی جگہ نہیں مل رہی۔حافظ نعیم الرحمن نے حماس کی جرات مندی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حماس نے دنیا کو بتا دیا کہ اسرائیل ناقابل شکست نہیں ہے۔انہوں نے 26 اپریل کو غزہ کے لیے عالمی ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا کہ 26 اپریل کو پورے ملک میں ہڑتال ہوگی اور فلسطینی مظلوموں کے لیے آواز بلند کی جائے گی۔آخر میں حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف غزہ پر ساری سیاسی جماعتوں کو لائحہ عمل طے کرنے کے لیے بلائیں۔