گلگت بلتستان میں لوڈشیڈنگ، 10 روز میں فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2025 GMT
گلگت:
وزیراعظم کے مشیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ نے گلگت بلتستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر مظاہرین کے مطالبات پورنے کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ جی بی کونسل کا اجلاس طلب کرکے 10 روز میں فنڈز جاری کردیے جائیں گے۔
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر گلگت بلتستان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کے حل کے لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ میں وزیر اعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ و عوامی امور رانا ثنااللہ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، سابق وزیر اعلیٰ حفیظ الرحمن، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، وفاقی سیکریٹری برائے بین الصوبائی رابطہ، وفاقی سیکریٹری برائے وزارت خزانہ سمیت پلاننگ ڈویژن، وزارت برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناءاللہ کو گلگت بلتستان میں جاری حالیہ لوڈ شیڈنگ پر تفصیلی بریفینگ دی گئی اور بتایا گیا کہ منفی درجہ حرارت کی وجہ سے گلگت بلتستان میں بجلی کی طلب میں اصافہ ہو جاتا ہے جبکہ ہائیڈرو فلو کم ہوتا ہے جس کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں خطرناک حد تک اضافہ ہو جاتا ہے اور گلگت بلتستان میں لوگ بجلی نہ ملنے کی وجہ سے سراپا احتجاج ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے اجلاس کو بتایا کہ وزیر اعظم اور وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان کے لوگوں کی مشکلات کا ادراک ہے اور حکومت اس مشکل میں گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
اجلاس میں اس بحرانی کیفیت سے نکلنے کے لیے گورنر، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان، فنانس ڈویژن اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے محتلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کا کہنا تھا کہ ہائیڈرو فلو کم ہونے کی وجہ سے گلگت بلتستان کے متاثرہ علاقوں کو جنوری سے مارچ 2025 تک ڈیزل جنریٹرز کے ذریعے بجلی کی فراہمی ناگزیر ہے لیکن فنڈز کی عدم دستیابی وجہ سے حکومت گلگت بلتستان یہ اقدام اٹھانے سے قاصر ہے۔
مسئلے کے حل کے لیے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت گلگت بلتستان وفاقی حکومت کی طرز پر اپنے حکومتی اخراجات کم کرے گی اور جی بی کونسل کا اجلاس 10 دنوں کے اندر بلا کر جی بی کے فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ ڈیزل جنریٹرز چلانے کے لیے درکار باقی ماندہ فنڈز وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے مختص کردہ بجٹ سے مہیا کرے گی۔
دھرنے کی نمائندہ قیادت نے وزیرراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کرنے پر آمادگی ظاہر کردی۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ جی بی کے لوگوں کو اس یخ بستہ سردی میں بجلی کی فراہمی اشد ضروری ہے اور وزیر اعظم نے اس مسئلے کے حل کے لیے خصوصی تاکید کی ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بین الصوبائی رابطہ وزیراعظم کے مشیر میں بجلی کی وزیر اعلی کی وجہ سے کے لیے
پڑھیں:
گورنر پنجاب نے کسانوں اور کاشتکاروں کو پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرادی
گورنر پنجاب نے کاشتکاروں کو پیپلزپارٹی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جڑانوالہ میں کسانوں اور کاشتکاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی پوری قیمت نہ ملنا بہت بڑاظلم ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلزپارٹی کاشت کاروں کی لڑائی بڑے ایوانوں میں لڑے گی اور ہم کسانوں کو اُن کے حقوق دلوائیں گے۔
سردار سلیم حیدر نے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے لاہور نہیں بلکہ پورے پنجاب کے عوام کیلیے کھلے ہوئے ہیں۔ گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کاشتکاروں، مزدوروں اورپسے ہوئے طبقے کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کاشتکاروں کی لڑائی بڑے ایوانوں میں لڑے گی اوران کا جائز حق دلا کررہے گی۔ کسان پہلے ہی مہنگے بیج ،کھاد اوریگر زرعی ادویات مہنگی ہونے سے پریشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسان اور کاشتکار رل گئے ہیں، اس وقت ضرورت ہے کہ پیپلزپارٹی ان کا ساتھ دے۔ گورنر پنجاب نے یقین دہانی کروائی کہ بلاول بھٹو آپ سے ملیں گے اور آپ کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاکر بلاول بھٹو کا پیغام پہنچا رہا ہوں۔